اراضیات کو باقاعدہ بنانے کا کام تعطل کا شکار، عوام میں اُلجھن

حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے 125مربع گز تک اراضی کو مفت باقاعدہ بنانے کیلئے جی او58جاری کیا لیکن اس پر اب تک پوری طرح عمل نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ریونیو حکام کی ہٹ دھرمی بھی ایک اہم رکاوٹ بن رہی ہے۔ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے 28فبروری آخری تاریخ تھی اور 16ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ حکومت دراصل ایم ایل سی انتخابات سے قبل غریبوں کو یہ اراضیات فراہم کرنا چاہتی تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ عہدیداروں نے مقررہ وقت تک یہ کام نہ کرتے ہوئے جہاں رکاوٹیں کھڑی کی تھیں وہ اب سروے کے نام پر ان درخواستوں کی تنقیح کررہے ہیں۔ ان کا یہ موقف ہے کہ سروے کا کام پورا کرنے کیلئے کم از کم دو ماہ کا عرصہ درکا ر ہوگا۔ درخواست گزاروں کو توقع ہے کہ اس معاملہ میں حکومت مداخلت کرتے ہوئے انہیں راحت پہنچائے گی۔