مکانات کو غیر مشروط رجسٹریشن کی راہ ہموار کیا جائے ، آل انڈیا فیڈریشن آف لیبر یونینس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : آل انڈیا فیڈریشن آف لیبر یونینس نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اراضیات اور مکانات کو مستقل اور باقاعدہ بنانے سے متعلق جاری کئے گئے جی او نمبرات 58 اور 59 سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے عوام کے اراضیات اور مکانات کو غیر مشروط مفت رجسٹریشن کرنے کے احکامات جاری کرے بصورت دیگر ان کی یونین کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں قومی جنرل سکریٹری آل انڈیا فیڈریشن آف لیبر یونینس مسٹر سمپتی اسٹالن ، ریاستی سکریٹری آل انڈیا فیڈریشن آف لیبر یونینس تلنگانہ مسٹر ای ستیم نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دستور ہند میں آرٹیکل 19(1)(E) کی رو سے ہندوستانی شہری کو کبھی بھی اور کہیں بھی مکان تعمیر کر کے گذر بسر کرنے کا حق حاصل ہے ۔ اس طرح سے ریاست تلنگانہ کے عوام مختلف مقامات سے شہر حیدرآباد آکر گذشتہ 40 تا 50 سال سے مختلف کمپنیوں میں اورمزدوری کرتے ہوئے اپنی زندگیاں گذار رہے ہیں اور یہاں نقل مقام کرنے والے مزدور پیشہ اور متوسط طبقہ کے افراد نے کسی بھی سرکاری اراضیات پر قبضہ نہیں کیا بلکہ انہیں مختلف اسکیمات کے تحت پٹہ جات دئیے جاچکے ہیں اور بعض افراد کو سیاسی قائدین اور ان کے ہمنواؤں کی جانب سے سرکاری اراضیات پر قبضہ کر کے انہیں پلاٹس بناکر اس وقت کی موجودہ قیمتوں پر فروخت کیا گیا تھا اور اس وقت حکومت کی اراضیات پر ناجائز قبضہ کر کے اراضیات فروخت کرنے والے قائدین نے اراضی کی نوٹری کے دستاویزات بھی خریداروں کو دیا تھا ۔ حکومت بجائے سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ کر کے عوام کو فروخت کرنے والے قائدین کے خلاف کارروائی کرنے کے قیمت ادا کر کے حاصل کرنے والے غریب اور معصوم عوام سے حکومت اراضیات اور مکانات کو مستقل اور باقاعدہ بنانے کے نام پر جی او نمبرات 58 اور 59 جاری کرتے ہوئے مزید بوجھ عائد کرتے ہوئے ریاست کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مخالف عوام پالیسیوں سے فوری باز آجائے بصورت دیگر تلنگانہ کی عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے اور وہ دن دور نہیں کہ حکومت کو عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس موقع پر ریاستی سکریٹری لیبر یونینس شعبہ خواتین شریمتی جی للیتا ، ریاستی صدر رعیتو کولی مسٹر ای سرینو سکریٹری گریٹر حیدرآباد مسٹر بی پرشوتم بھی موجود تھے ۔۔