ادلب میں خون کی ہولی سے اجتناب ضروری ، گوٹیرش کا ریمارک

اقوام متحدہ۔12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے اپیل کی ہے کہ شمالی علاقے ادلب میں بڑی لڑائی سے ہر ممکن طریقے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادلب میں شدید لڑائی کو ہر طرح سے ٹالا جائے کیونکہ لڑائی کی صورت میں وسیع پیمانے پر خون خرابہ ہو گا۔ ادلب میں مورچہ زن حکومت مخالف باغی شامی فوج کے زمینی حملے کے منتظر ہیں اور یہ کسی وقت بھی شروع ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب فضائی حملوں کا سلسلہ شروع ہے اور اس میں شہریوں کے جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ادلب پر شامی فضائی حملوں میں روسی جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔

ننگر ہار دھماکے، مہلوکین کی تعداد 68ہو گئی
کابل ۔12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں خودکش دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 68ہو گئی۔افغان حکام نے ننگر ہار کے ضلع مہمند درا میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش دھماکے میں 68افراد کی ہلاکتوں اور 165افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔گزشتہ روز ننگر ہار میں خود کش دھماکے میں مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔