ادارہ ’سیاست‘ کے راحت کاری اقدامات جاری

بارش کے بعدمسلم آبادی والے علاقوں میں عام حالات بتدریج بحال، نالے کی تعمیر
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز)بارش کی تباہ کاریوں کے بعد کوکٹ پلی اور جوبلی ہلز اسمبلی حلقوں کے گنجان مسلم آبادی والے علاقوں میں عام زندگی بتدریج بحال ہورہی ہے۔ تقریباً 4 دن کے وقفہ کے بعد ان علاقوں میں اسکولس اور دینی مدارس میں باقاعدہ تعلیم کا آغاز ہوا ہے۔ صفدر نگر، راجیو گاندھی نگر فیز I اور II ، سلیمان نگر، الہ پور، پائپ لائن، بستی یوسف نگر میں ادارہ ’سیاست‘ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے راحت کاری اقدامات آج بھی جاری رہے۔ مصیبت زدہ عوام کو چاول، دودھ اور بسکٹس تقسیم کئے گئے۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’ سیاست‘ نے راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ ان علاقوں میں سیاست کی 10 ٹیمیں 24 گھنٹے سرگرم ہیں اور بلدی عہدیداروں کو توجہ دلاتے ہوئے نالے کی تعمیر مکمل کرلی گئی۔ اس موقع پر کارپوریٹر محترمہ صبیحہ بیگم بھی موجود تھیں۔واضح رہے کہ جناب عامر علی خاں نے ان متاثرہ علاقوں کا  پیدل دورہ کرنے کے بعد پانی کے موثر اخراج کیلئے ایک نالہ تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی تھی اس ضمن میں متعلقہ کارپوریٹر کو بھی توجہ دلائی گئی چنانچہ آج ایک کیلو میٹر طویل اور 4 فیٹ چوڑا نالہ تعمیر کرلیا گیا جس کی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی آسان ہوگی۔ کارپوریٹر صبیحہ بیگم کے علاوہ سنیٹری آفیسر اور ورکس انسپکٹر بلرام نے بھی کاموں کی نگرانی کی۔ مقامی عوام نے نالہ کی تعمیر پر مسرت کا اظہار کیا اور ادارہ ’سیاست‘ کی ان کوششوں کی سراہنا کی۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے پیش نظر زندہ طلسمات کی بھی تقسیم عمل میں آئی۔ ان گنجان مسلم آبادی والی بستیوں میں 4دینی مدارس اور 5  سرکاری بشمول آنگن واڑی اور بال واڑی اسکولس موجود ہیں۔ سیاست کی راحت کاری ٹیموں نے ان اسکولس پہنچ کر بچوں میں بسکٹس تقسیم کئے۔ کئی لوگ پانی مکان میں داخل ہونے کے سبب یہاں سے چلے گئے تھے تاہم اب وہ واپس ہورہے ہیں۔ اس موقع پر جناب آصف احمد، محمد عامر، سلیم، سلطان، محمد ریاض اور دیگر موجود تھے۔