حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) ادارہ سیاست 2004 ء سے مسلم نعشوں کی تدفین ملت فنڈ کے ذریعہ انجام دے رہا ہے۔ 2006 ء میں ہریش چندرا فاؤنڈیشن کا آغاز ہوا اور یہ ہندو نعشوں کی آخری رسومات انجام دیتا ہے اور حکومت کی جانب سے کچھ رقم بھی مقرر ہے۔ جناب زاہد علی خاں صاحب کو اس طرف توجہ دلائی گئی کہ حکومت سے آپ بھی رقم حاصل کرسکتے ہیں جس پر آپ نے کہا کہ میں اس نیک کام میں حکومت کو شریک نہیں ہونے دوں گا۔ اس طرح مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ملت فنڈ کے ذریعہ اس کارخیر میں شریک ہوگی۔ آج 14 مسلم نعشوں کی تدفین کی گئی۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو گولکنڈہ پی ایس کا مراسلہ وصول ہوا جس میں سڑک حادثہ میں انتقال کرجانے والے شخص کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اسی طرح عثمانیہ دواخانہ سے ڈاکٹر محمد تقی الدین ایم او ڈی کا مراسلہ وصول ہوا جس میں دواخانہ میں مسلم شخص کے انتقال پر تدفین کی درخواست وصول ہوئی۔ پی ایس حبیب نگر محمد عبدالقادر کے مراسلے میں 2، محمد ریاض ریلوے پی ایس کاچیگوڑہ کے 2 ، پی ایس نامپلی کے 2، منگل ہاٹ 1 ، ریلوے پی ایس نامپلی 1 ، پی ایس مہانکالی 1 ، پی ایس عابد روڈ 1 ، پی ایس حسینی علم 1 ، سیف آباد پی ایس 1 ۔ اس طرح جملہ مسلم نعشوں کی تدفین کی گئی۔ ان نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کیا گیا اور کوکٹ پلی قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا محمد زبیر نے قبرستان ہی میں پڑھائی۔ کارخیر میں حصہ لینے پر صدر قبرستان و عیدگاہ کوکٹ پلی کی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے ان کی اور ان کے رفقاء کی ستائش کی۔