حیدرآباد۔ یکم نومبر، ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کو نامپلی پولیس اسٹیشن کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مقتول محمد صادق کی تدفین کی درخواست کی گئی جس کو چند دن پہلے نامپلی حدود میں قتل کردیا گیا، پولیس نامپلی نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا اور ورثاء کے نہ ملنے پر جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر ’سیاست‘ سے رجوع ہوئی تاکہ مرحوم کی اسلامی طریقہ پر تدفین ہوسکے۔ اس کے علاوہ مزید 11پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے درخواستیں وصول ہوئیں جو حیدرآباد و سکندرآباد کے پولیس اسٹیشنوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ سے حاصل کیا گیا اور جناب سید عبدالمنان کی سرپرستی میں تدفین قبرستان تھرتھرے شاہ ، بنسی لال پیٹ سکندرآباد میں عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ دواخانہ عثمانیہ میں مولانا شکیل احمد سبیلی قاسمی ( مسجد چمن ) نے پڑھائی۔ ڈاکٹر قدسیہ سلطانہ نہاں نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں صاحب کی سرپرستی میں ادارہ ’سیاست‘ ان مسلم نعشوں کی بھی تدفین کرتا ہے جن کو زیادہ دن ہونے کی وجہ چھوڑ دیتے ہیں اور اس خبر پر بھی مجھے بے حد افسوس ہوا کہ بعض اوقات صرف نماز جنازہ میں شریک رہتے ہیں۔ قابل مبارکباد ہیں ملت فنڈ میں تعاون کرنے والے جن کے تعاون سے ادارہ سیاست ان مرحومین کی بھی اسلامی طریقے پر تدفین کرنے میں پورا پورا لحاظ رکھتا ہے۔ بشری تبسم نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعاء کی کہ دنیا اور آخرت میں اللہ پاک ان کو اجر عطا فرمائے۔ مرحومین کی مغفرت اور ورثاء جہاں کہیں ہوں اللہ پاک ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ نے سید عبدالمنان، سمیع اللہ خان مسجد سنی پورہ اور محمد عبدالجلیل کا شکریہ ادا کیا۔