حیدرآباد 14 سپٹمبر (سیاست نیوز) ادارہ سیاست اور میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم حیدرآباد کے زیراہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے پیامات طے کرنے والے والدین اور سرپرستوں کا 35 واں ’’دوبدو ملاقات پروگرام‘‘ بروز اتوار 21 سپٹمبر کو صبح 10 تا 4 بجے دن ایس اے امپیرئیل گارڈن ٹولی چوکی روڈ پر وسیع پیمانے پر منعقد ہوگا۔ جس کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کریں گے۔ دوبدو پروگرام کے دوران تازہ رجسٹریشن کے علیحدہ کاؤنٹرس قائم رہیں گے جبکہ کمپیوٹر پر لڑکے اور لڑکیوں کے تصاویر اور بائیو ڈاٹا بھی مشاہدہ کرنے کی سہولت رہے گی۔ واضح رہے کہ ماضی میں ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کے زیراہتمام 34 دوبدو پروگرامس منعقد کئے گئے جوکہ کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ ان دوبدو پروگرامس میں سینکڑوں رشتے طے ہوچکے ہیں۔ دوبدو پروگرام میں شرکت کے خواہشمند والدین اور سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ہمراہ رجسٹریشن کیلئے لڑکوں اور لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاز ضرور ساتھ لائیں۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ امپیرئیل گارڈن میں 21 سپٹمبر کو منعقد شدنی اس پروگرام کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ فورم کے عہدیداران پروگرام کو سہولت بخش اور کامیاب بنانے کی مساعی کررہے ہیں۔ شرکاء پروگرام کی سہولت کیلئے فورم ہر طرح کی انتظامات کررہا ہے۔ اس پروگرام میں سابق میں رجسٹریشن کروانے والے سرپرست و والدین اپنے بچوں کے رشتوں کو بالمشافہ سرپرستوں سے ملاقات کرکے قطعیت دے سکتے ہیں۔ صدر فورم نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس زرین موقع سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے بچوں کے معیاری رشتوں کو طے کریں۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9394801526 پر ربط کریں۔