ڈاکٹر ام سماء خیر اور ڈاکٹر شیخ رقیہ بانو کی تہنیتی تقریب ، جناب زاہد علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : یونانی میڈیکل کورس بی یو ایم ایس میں داخلے آج سے پندرہ سال قبل ریاست کے دونوں کالجس میں نہیں ہورہے تھے اور کالجس بند ہونے کے قریب تھے ۔ اس وقت ادارہ سیاست نے ان کالجس میں داخلے کا بیڑا اٹھایا ۔ اور آج 15 سال سے بی یو ایم ایس میں داخلے کے لیے انٹرنس ٹسٹ کی کوچنگ کا انتظام کیا اور اس کے ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں اور بی یو ایم ایس کا انٹرنس ایک سخت مسابقتی بن چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال میں یونانی میڈیسن میں یونیورسٹی آف ہیلت سائنس کا حکیم ایم اے سجاد گولڈ میڈل حاصل کرنے والی دو طالبات کے تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے یونانی طلبہ اور اطلباء سے اپیل کی کہ وہ اس کے فروغ کے لیے جدید طریقوں کو اپنائیں ۔ یونانی طب آج خلیجی ممالک کویت ، سعودی عربیہ ، دوبئی میں بھی عام ہوچکی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے مزید کہا کہ انہیں یونانی طب سے گہری دلچسپی ہے اور وہ طب نبوی پر عمل کرتے ہوئے ایک نسخہ جو وہ ہر روز استعمال کرتے ہیں یونانی اطباء کو بتایا کہ گذشتہ 20 برسوں سے وہ ہر روز صبح نصف نہار ایک چمچہ لیمو رس ، کلونجی ، میتھی کا استعمال پابندی سے کررہے ہیں جس سے انہیں بخار تک نہیں آتا ۔ اس نسخہ کو کئی اطباء نے عملی طور پر خود استعمال کرنے اور دوسروں کو ترغیب دینے اور تشخیص کے لیے نوٹ کیا ۔ ادارہ سیاست جس کی کاوشیں زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ہیں اور یونانی طب کے لیے بھی سیاست سے ایوارڈ اور میڈل دینے کا اعلان کیا ۔ ڈاکٹر شہزادی سلطانہ پرنسپل گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں یونانی طب و فن کے لیے ادارہ سیاست کے خدمات کی ستائش کرتے ہوئے اس کو اس یونانی کی تعلیم اور فن کے فروغ اور ارتقاء کا موثر ذریعہ مانا ۔ حکیم ایم اے سجاد کے فرزند حکیم ایم اے ساجد نے اس موقع پر مہمان کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں کہا کہ یونانی طب کے طلبہ کے حوصلہ افزائی کے لیے انہوں نے یہ گولڈ میڈل شروع کیا جس سے ہر سال دو یونانی طلبہ کو گولڈ میڈلسٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے ۔ ان کے والد کی خواہش کہ وہ یونانی طب و فن کو فروغ کے لیے ہمیشہ آگے رہے ۔ ڈاکٹر عبدالرب اعظم نے خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر یونانی میڈیسن میں حکیم ایم اے سجاد گولڈ میڈل حاصل کرنے والی دو طالبات ڈاکٹر ام سماء خیر نظامیہ طبی کالج حیدرآباد اور ڈاکٹر شیخ رقیہ بانو ڈاکٹر عبدالحق یونانی کالج کرنول کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اور یہ طالبات نے اپنے تاثرات میں گولڈ میڈل کے حصول کے لیے اظہار تشکر کیا ۔ ڈاکٹر و حکیم سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت اے پی نے پروگرام کی نگرانی کی اور مہمانان کا گلدستوں کے ذریعہ استقبال کیا ۔ اس خصوصی تقریب میں نظامیہ یونانی میڈیکل کالج کے طالبات ، اسکالرس اور ڈاکٹرس جن میں ڈاکٹر محمد یوسف الدین شعبہ کلیات ، ڈاکٹر عابد فاروقی ، ڈاکٹر شیخ قمر الدین ، ڈاکٹر انور اللہ ، ڈاکٹر محمد شجاع الدین فاروقی ، محمد منیر ، تمیز الدین احمد اور دیگر شریک تھے ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے پروگرام کے انعقاد میں مکمل معاونت کی۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ آخر میں ڈاکٹر عبدالمجیب نے شکریہ ادا کیا ۔۔