ادارہ سیاست سے تکنیکل ادارہ قائم کرنے کا اعلان : جناب زاہد علی خان

مزید اداروں کیلئے حکومت سے نمائندگی کا عزم ، اشرف المدارس و سیڈ کے این آئی ٹی ٹی ادارہ کا جلسہ تقسیم اسناد ، ایڈیٹر روزنامہ سیاست ودیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /19 ستمبر (پریس نوٹ) (TITT) اشرف المدارس ایجوکیشن سوسائیٹی اور امریکہ کی فلاحی تنظیم سیڈ کے اشتراک سے قائم کردہ ادارہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنیکل ٹریننگ (این آئی ٹی ٹی ) شاہین نگر ، پہاڑی شریف روڈ کے پانچویں گرایجویشن ڈے (جلسہ تقسیم انعامات) کی تقریب /15 ستمبر کو منعقد ہوئی ۔ جناب ایم ایم انور سرپرست سوسائیٹی نے جلسہ کی صدارت کی جب کہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست مہمان خصوصی تھے ۔ جناب سید مظہر الدین حسینی ایکزیکٹیو ڈائرکٹر سیڈ نے معزز مہمان کی حیثیت سے طلباء کو مخاطب کیا اور مفید مشورے دیئے ۔ جناب زاہد علی خان نے اپنے خطاب میں خصوصاً طلباء کو ٹکنیکل ٹریننگ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کامیاب طلباء کو اسناد کامیابی عطا فرمایا بلکہ ٹول کٹ بھی تقسیم کئے ہیں ۔ شہریان حیدرآباد خصوصاً تلنگانہ ریاست کے عوام کیلئے یقیناً یہ اطلاع اہم ہوگی کہ مارچ 2016 ء کو حیدرآباد کے قدیم ترین اردو میڈیم کے اسکول اشرف المدارس ایجوکیشن سوسائیٹی نے امریکہ کی معروف غیر سرکاری تنظیم یعنی سپورٹ فار ایجوکیشنل اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ (سیڈ ) کی مکمل رقمی امداد سے صنعتی ادارہ این آئی ٹی ٹی کے نام سے شروع کیا گیا ہے ۔ اس ادارہ میں وہ غریب اور نادار نوجوان جو معاشی دشواری کی وجہ سے آٹھویں اور دسویں جماعت تک تعلیم حاصل نہ کرسکیں ہوں اس ادارہ سے چھ ماہی کورس ریفریجریشن و ایرکنڈیشن کے علاوہ چھ ماہی کورس الیکٹریشن ہاؤس وائرنگ اور دیگر بر قی آلات کی درستگی میں شرکت کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ آٹو موبائیل ٹیکنیشین و الیکٹریشین کا ایک سالہ کورس مع عملی تربیت کی بھی سہولت ہے ۔ سیڈ امریکہ کی جانب سے طلبہ کو بلاکسی فیس بلکہ تمام طلباء کو ماہانہ آٹھ سو روپئے بطور سواری خرچ ہر ہفتہ حاضری کی پابندی پر دو سو روپئے جاری کئے جاتے ہیں ۔ مزید برآں کورس کی تکمیل پر ہر کامیاب ٹرینی کو تقریباً پانچ ہزار روپئے مالیتی متعلقہ ٹریڈ کا ٹول کٹ بھی دیا جاتا ہے ۔ جبکہ آٹو موبائیل طلبا کو ڈرائیونگ کی ٹریننگ کے ساتھ لائسنس بھی سے دیا جاتا ہے ۔ اس ادارہ کی ساری انتظامی ضروریات منجانب اشرف المدارس ایجوکیشن سوسائیٹی انجام دی جاتی ہے ۔ اس ادارہ سے پچھلے چار بیاچس کے 160 طلباء کے منجملہ 110 نے بڑی کمپنیوں میں دس تا پندرہ ہزار ماہانہ مشاہرہ پر باوقار طریقہ سے اپنے کنبہ کی پرورش کررہے ہیں ۔ اس تقریب کی اہم خصوصیت جناب زاہد علی خان کا خطبہ رہا ۔ انہوں نے پرانے شہر میں اس معیاری صنعتی اور کامیاب ادارہ کی موجودگی کو سارے شہر کی دیگر تنظیموں کیلئے مثالی قرار دیا ۔ سیڈ امریکہ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیش کش فرمائی کہ اس کی اعلیٰ اور معیاری تربیت سے متاثر ہوکر تلنگانہ کے دیگر مقامات میں حکومت سے نمائندگی کے علاوہ ابتدائً اپنی جانب سے مناسب مقام پر بڑے پیمانے پر ایسے ادارے کا قیام عمل میں لائیں گے اور پرنسپل جناب محمد قطب الدین اور ان کے فیکلٹی کے احباب کی خدمات کی ستائش کی ۔ اس موقع پر جناب مظہر حسینی نے کہا کہ ڈھائی سال کی مختصر مدت میں حکومت تلنگانہ کے بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے اس ادارہ کو مسلمہ حیثیت دیتے ہوئے مختصر مدتی ووکیشنل کورسیس شروع کرنے کی اجازت دی ہے ۔ جناب قطب الدین پرنسپل کی شبانہ روز کوششوں کو سراہتے ہوئے جناب مظہر حسینی نے یادگار تہنیتی تحفہ عطا کیا ۔ اس جلسہ کو ادارہ کے طالب علم کی قرأت قرآن کریم کے بعد خطبہ استقبالیہ میں جناب قطب الدین نے ادارہ کی کارکردگی سے واقف کرایا ۔ بعد ازاں جناب مظہر الدین حسینی نے فارغین طلبہ کو دیانتداری اور جانفشانی سے کام کرنے اور صدر جلسہ جناب ایم ایم انور نے وقت کی پابندی کی اہمیت اورپیشہ وارانہ مہارت سے یہ ثابت کرنے گُر بتایا کہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ عہدیدار سے زیادہ کم تعلیم یافتہ بلکہ غیر تعلیم یافتہ افراد نہ صرف اپنے پیشے کی مہارت اور دیانت داری کی وجہ سے اس عہدہ دار سے زائد اور جائز آمدنی حاصل کرسکتے ہیں ۔ جناب بشیر فاروقی موظف ڈپٹی ڈی ای او نے مہمان خصوصی کا تعارف کرایا اور جناب ایم اکبر نے شکریہ ادا کیا ۔ اس تقریب میں این آئی ٹی ٹی کے اولین معمار جناب اقبال محی الدین کے فرزند حافظ و قاری طارق محی الدین انجنیئر نے دعاء فرمائی اور ساڑھے بارہ بجے دن قومی ترانہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔