اذاں انٹرنیشنل اسکول میں 600 طلباء کا معائنہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے کیرو پراکٹک ڈاکٹروں نے اذاں انٹرنیشنل اسکول سات گنبد روڈ پر دوسرے دن 600 طلباء وطالبات کا معائنہ کیا اور بچوں کو ان کی صحت اور تغذیہ کے تعلق سے ضروری ہدایات دئیے ۔ پروفیسر معین انصاری صدر نشین بورڈ آف نیوٹریشن اور محترمہ شاہدہ انصاری کے زیر نگرانی کیمپ میں فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر جان شیرفر ، ڈاکٹر ونڈاکاربٹ ، ڈاکٹر انجلی پرساد ، ڈاکٹر میتھوتھامسن کے علاوہ کیرو پراکٹک ڈاکٹروں نے بچوں کے والدین اور سرپرستوں کو ضروری ہدایات دئیے ۔ اس موقع پر امریکہ سے تشریف لائی منال نظام نے ڈاکٹروں کی مدد کی ۔ بچوں کے کیمپ کے دوسرے دن پروفیسر میر تراب علی ، جناب محمد جلیل موظف سب انسپکٹر پولیس ، جناب محمد نعیم ، ڈاکٹر محمد یوسف اعظم ، ڈاکٹر نیر اعظم ، پروفیسر احسن فاروقی نے کیمپ کا معائنہ کیا اور ادارہ سیاست ، انور چیارٹیبل ٹرسٹ کے علاوہ کیرو پراکٹک ڈاکٹروں کی خدمات خاص طور پر ڈاکٹر معین انصاری اور شاہدہ انصاری کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں کی وجہ سے کیرو پراکٹک ڈاکٹرز گذشتہ 18 برسوں سے حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں اور یہاں کے عوام کے ساتھ طلباء وطالبات بھی استفادہ کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ نے بتایا کہ کیروپراکٹک ڈاکٹرز کا سہ روزہ مفت کیمپ کا بروز اتوار 22 جون سے 24 جون عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جہاں امریکن ڈاکٹرز صرف رجسٹرڈ مریضوں کا معائنہ کریں گے ۔ کیمپ کے اوقات 12 بجے دن سے 7 بجے شب تک ہیں ۔ بچوں کے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اذاں انٹرنیشنل اسکول کے انتظامیہ خاص طور پر جناب نیر اقبال پرنسپل اسکول ، کے علاوہ اسٹاف ، جناب محمد عنایت اللہ ، جناب برکت اللہ ، جناب ایم این بیگ ، جناب محمد برکت علی ، جناب محمد اظہر سمیع الدین ، جناب احمد صدیقی مکیش قابل ذکر ہیں ۔۔