حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) ادارہ انیس الغرباء نامپلی کی صورتحال بہتر بنانے اور وہاں مقیم غریب و یتیم بچوں کو بہتر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ریاستی وقف بورڈ نے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ کمشنر اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال نے انیس الغرباء کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور ملازمین اور وہاں مقیم بچوں سے ان کے مسائل کی سماعت کی۔ انہوں نے ادارہ کی کارکردگی اور طلبہ کو بہتر سہولتوںکی فراہمی کے سلسلہ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ ایم اے حمید کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ایم اے حمید نے بھی انیس الغرباء کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور جلد از جلد تمام مسائل کی یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ طلبہ کو اپنے کپڑے اور سامان بحفاظت رکھنے کیلئے الماریوں کی فراہمی، بلانکٹس، سوئٹرس کا انتظام، ٹفن باکس، واٹر باٹلس کی فراہمی کے علاوہ طلبہ کو بس پاسیس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وہاں موجود طلبہ مختلف انگلش میڈیم اسکولس میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، ان کی تعلیمی ضرورتوں کی فراہمی پر بھی مکمل توجہ دی جائے گی۔ انیس الغرباء کی عمارت کی مرمت و داغ دوزی کا کام بھی بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر تمام ضروریات سے متعلق ایک رپورٹ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کو پیش کریں گے جس کے بعد درکار بجٹ کو منظوری دی جائے گی۔ واضح رہے کہ انیس الغرباء کی ابتر صورتحال کے بارے میں مسلسل شکایتوں کے بعد اسے محکمہ انڈومنٹ سے حاصل کرتے ہوئے وقف بورڈ نے اپنے راست انتظام کے تحت لے لیاہے۔ وہاں مقیم بچوں کی تعداد 60ہے اور اسٹاف کی تعداد 18ہے۔ وقف بورڈ کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ پر بھی غور کررہا ہے۔ چونکہ سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں انیس الغرباء کی عمارت منہدم کی جاسکتی ہے لہذا وقف بورڈ متبادل عمارت کی تلاش میں ہے تاکہ سڑک کی توسیع کی کارروائی سے قبل ہی ادارہ کو منتقل کردیا جائے۔ایم اے حمید نے بتایا کہ طلبہ کو صحت بخش اور صاف ستھری غذا کی فراہمی اور انہیں بہتر یونیفارمس مہیا کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔