جسم میں مدافعتی قوت میں کمی ، ایف ایس ایس اے آئی کے عہدیداروں کا ادعا
حیدرآباد۔23مئی(سیاست نیوز) اخبار یا کتاب کی ردی میں باندھ کر دیئے جانے والے اشیاء تلن اگر آپ استعمال کرتے ہیں تو دراصل آپ زہر کھا رہے ہیں۔ اخبارات اور کتابوں کی ردی جو اکثر تلن اور دیگر اشیاء خورد و نوش کو پیاک کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اس پر موجود سیاہی صحت انسانی کیلئے انتہائی مضر ہے اور بتدریج انسان کو کمزور کرنے کے علاوہ نظام مدافعت کو نقصان پہنچانے کا سبب بننے لگتا ہے۔ تلن کی اشیاء جیسے مرچی ‘ بھجیا وغیرہ جو کہ عام طور پر اخبارات کی یا کتابو ں کی ردی میں ہی باندھ کردی جاتی ہیں ان تلن کی اشیاء کے ذریعہ نکلنے والا تیل اور کاغذ پر موجود سیاہی کے سبب سیاہی کا اثر کھانے کی شئے تک سرائیت کر جاتا ہے جس کے سبب سیاہی کھانے کے اشیاء کے ذریعہ انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے ۔ سیاہی کی تیاری میں انتہائی خطرناک کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے اور اس کیمیکل کے استعمال کے وقت اگر اس سے نکلنے والی بدبو کوئی راست سونگھ لے تو ایسی صورت میں اسے سانس لینے میں تکلیف محسوس ہوتی ہے ۔ اس طرح کے کیمیکل سے تیار کی جانے والی سیاہی سے شائع کردہ اخبارات اور کتابوں کی ردی کے استعمال سے انسانی جسم میں موجود مدافعتی صلاحیت میں کمی واقع ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے انسان میں عدم اطمینان اور متلی کے علاوہ دیگر کئی شکایات محسوس ہوتی ہیں اور اگر اس طرح شائع شدہ اخبارات اور کتابوں کی ردی میں کھانے پینے کی اشیاء باندھ کر لانے لے جانے اور ان کے استعمال کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں جسم کے اندورنی حصوں کو شدید نقصان پہنچتے ہیں۔ دی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی آف انڈیا FSSAI کے عہدیداروں کے مطابق اخبارات یا کتابوں کی ردی میں اشیائے خورد و نوش کو باندھ کر فروخت کیا جانا انتہائی غیر صحتمندانہ عمل ہے اور اس شائع شدہ کاغذ میں پیاک کی گئی اشیاء کا استعمال انتہائی مضر ہے اس سلسلہ میں عوام کے درمیان شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے علاوہ شہر میں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ٹھیلہ بنڈیوں اور ہوٹلوں کے خلاف بھی کاروائی کی جانی چاہئے۔ بتایاجاتا ہے کہ اخبارات یا شائع شدہ کاغذ میں باندھ کر استعما ل کی جانے والی اشیائے تغذیہ کے مسلسل استعمال سے معدہ کو کئی بیماریوں کے لاحق ہونے کا خدشہ ہے اور سب سے پہلے ہاضمہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں جو السر اور دیگر سنگین امراض کا سبب بن سکتے ہیں۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ پیاکنگ میں باندھ کر دی جانے والی اشیاء خورد و نوش کے استعمال میں احتیاط کیا جانا چاہئے اور جب کبھی باہر یہ اشیاء خریدی جائیں تو اس بات سے احتیاط کریں کہ دکاندار شائع شدہ کاغذ میں ان اشیاء کو پیاک نہ کرے۔