راجیہ سبھا الیکشن کے معاملہ میں گجرات ہائیکورٹ کو سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج گجرات ہائیکورٹ سے کہا ہے کہ وہ کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کی درخواست کی تازہ سماعت شروع کرے۔ انہوں نے بی جے پی لیڈر کی جانب سے ان کے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہونے پر داخل کردہ ایک درخواست کی افادیت کو چیلنج کیا تھا۔ چیف جسٹس دیپک مشرا جسٹس اے ایم کھانوالکر اور ڈی وائی چندر چوڑ پر مشتمل بینچ نے کہا کہ احمد پٹیل کی درخواست پر ازسرنو سماعت ضروری ہے۔ بی جے پی لیڈر بلونت سنہا نے ان کے خلاف درخواست داخل کی تھی۔ احمد پٹیل کو گزشتہ سال منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے بلونت سنہا کو شکست دی تھی۔ بلونت سنہا نے کانگریس سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس لیڈر کو یہ کامیابی الیکشن کمیشن کی جانب سے باغی کانگریس ارکان اسمبلی جولا بھائی گوہل اور رگھو بھائی پٹیل کے ووٹوں کو منسوخ کئے جانے کے بعد حاصل ہوئی تھی۔ اس طرح ان کے ووٹوں کو منسوخ کرنے سے امیدوار کی اپنی کامیابی کیلئے تناسب 45 سے گھٹ کر 44 ہوگیا تھا۔ احمد پٹیل کے منتخب ہونے کے فوری بعد بلونت سنہا نے ہائیکورٹ میں ایک درخواست داخل اور انتخابی پیانل کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔