احمد آباد میں عید سے قبل گاؤکشی کے نام پر پولیس کی تلاشی

احمد آباد 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فرقہ وارانہ حساس شاہ پور علاقہ میں گاؤ کشی کے مبینہ واقعہ میں ملوث ایک مشتبہ شخص کی پولیس کی جانب سے تلاش پر برہم عوام کا یہاں پولیس کے ساتھ ٹکراؤ ہوگیا ۔ زائد از 200 احتجاجیوں نے پولیس کو روکنے کی کوشش کی جس پر ٹکراؤ ہوگیا اور پولیس کو ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیلس برسانے پڑے ۔ کہا گیا ہے کہ سنگباری کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا اور پولیس نے کچھ راونڈ ہوائی فائرنگ کی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کمشنر پولیس احمد آباد شیوانند جھا ‘ مقامی رکن اسمبلی غیاث الدین شیخ اور کرائم برانچ کے عہدیدار بشمول ہیمانشو شکلا بھی جائے واقعہ پر پہونچ گئے ہیں۔ کچھ مقامی افراد کی کرائم برانچ کے عملہ سے اس وقت بحث ہوگئی جب وہ مبینہ گاؤ کشی میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو تلاش کر رہے تھے ۔ مسٹر جھا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس بحث کے دوران پولیس نے حالات کو قابو میں کرلیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلاشی مہم کے دوران مقامی عوام برہم ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے واقعہ کو کرائم برانچ کی جانب سے مبینہ گاؤ کشی میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی کوششوں سے جوڑا جا رہا ہے ۔

کرائم برانچ کی ایک ٹیم پولیس انسپکٹر بی پی روزیا کی قیادت میں ایک ٹیمپو کا شاہی باغ علاقہ میں کل رات تعاقب کیا تھا کیونکہ انہیں شبہ تھا کہ اس گاڑی میں گائے کا گوشت ہے ۔ روزیا نے اس گاڑی پر فائرنگ بھی کی تھی جب یہ گاڑی روکی نہیں گئی تھی ۔ کرائم برانچ نے اس وقت دو افراد کو گرفتا رکرلیا تھا اور پولیس کو شبہ ہے کہ تیسرا شخص شاہ پور علاقہ سے تعلق رکھتا ہے ۔ اس کو تلاش کرنے پولیس کی ایک ٹیم نے شاہ پور علاقہ میں آج شام تلاشی مہم شروع کی جس کے نتیجہ میں مقامی عوام برہم ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کرائم برانچ کا عملہ مشتبہ شخص کو رنگیلا پولیس پوسٹ کے قریب تلاش کر رہا تھا کچھ مقامی افراد برہم ہوگئے اور انہوں نے پولیس پر سنگباری شروع کردی ۔ جب سنگباری میں شدت پیدا ہوگئی تو اضافی پولیس دستوں کو طلب کرتے ہوئے صورتحال پر قابو کرلیا گیا ۔ عید الاضحی سے قبل پولیس نے یہاں وسیع تر بندوبست کیا ہے ۔