نئی دہلی ۔26 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سبرمنیم سوامی نے گجرات کے احمدآباد شہر کا نام بدل کر کرناوتی کرنے کی اپیل کی ہے ۔ سوامی نے آج ٹویٹ کیا،’’میں وزیراعظم سے احمدآباد شہر کا نام بدل کر اس کا اصل نام کرناوتی کرنے کی اپیل کرتا ہوں‘‘۔ سوامی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات کے وزیراعلی رہتے ہوئے اس ضمن میں تجویز اس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ کو بھیجی تھی۔ انہوں نے کہا، وہ اب خود وزیراعظم ہیں اس لئے انہیں یہ کرنا چاہئے ‘‘۔
جنوبی کشمیر میں ریل خدمات معطل
سرینگر 26دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر میں صیانتی وجوہات کی بناء پر آج ریل خدمات ملتوی کر دی گئی ہے ۔ریلوے افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ پولیس کے مشورہ پر ٹرینوں کی آمدورفت منسوخ کردی گئی ہے ۔ جنوبی کشمیر میں بڈگام-سری نگر سے اننت ناگ-قاضی گنڈ اور جموں کے علاقے میں بانہال تک کوئی ٹرین نہیں چلائی جائے گی۔وسطی کشمیر میں سرینگر-بڈگام سے شمالی کشمیر میں بارہمولہ تک تمام ٹرینیں طے شدہ وقت پر چلیں گی۔
شیوسینا کے داخلی انتخابات آئندہ ماہ
ممبئی۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا اپنے داخلی انتخابات بشمول صدر کا انتخاب 23 جنوری کو کرے گی جو اس کے بانی آنجہانی بال ٹھاکرے کا یوم پیدائش ہے۔ موجودہ صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے نے اس کی اطلاع دی۔