احمدآباد میں آر ایس ایس اجتماع کا آغاز

احمدآباد ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے کچواڑہ علاقہ میں آر ایس ایس کارکنوں کے 3 روزہ اجتماع کا آج سے آغاز ہوگیا۔ آر ایس ایس کے سینئر لیڈر سریش سونی نے اس کا افتتاح کیا جس میں 25,000 آر ایس ایس کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت اتوار کو اس اجتماع سے خطاب کریں گے۔ سریش سونی نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب کے پاس تمام اہم عالمی مسائل کا حل موجود ہے۔ ہندوستانی نظام، عالمی دہشت گردی، کساد بازاری، اقتصادی سست روی اور عالمی حدت جیسے چیلنجوں سے نمٹ سکتا ہے۔ سونی نے عراق اور شام میں خانہ جنگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرا خدا ہی سب سے بہتر ہے اور میرا طریقہ ہی سب سے بہتر ہے کا اعتقاد عدم رواداری کو فروغ دیتا ہے جس سے دیگر مذاہب اور خود ہم مذہب افراد کی ہراسانی ہوتی ہے۔