احتجاج کے نام پر تخریب کاری کیخلاف انتباہ

زر تلافی کی وصولی کیلئے عنقریب قانون سازی۔ ممتا بنرجی کا اعلان
کولکتہ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) احتجاجی تحریک کی آڑ میں عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت انتباہ دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج یہ اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت بہت جلد ایک قانون نافذ کرے گی جس کے مطابق تخریب کاروں سے زر تلافی وصول کی جائے گی۔ انھوں نے یہاں ایک تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ سرکاری یا خانگی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں انھیں معاوضہ (زر تلافی) ادا کرنا ہوگا۔ ناگزیر صورت میں یہ رقم، ان کی جائیدادیں ضبط کرکے بازیاب کی جائیں گی اور اس خصوص میں آئندہ اسمبلی اجلاس میں ایک قانون منظور کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے خبردار کیاکہ سرکاری گاڑیوں کو نذر آتش یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانے سے پہلے یہ غور و فکر کریں کہ وہ کیا کررہے ہیں اور ان کی حرکتوں سے کس کا نقصان ہورہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے جوکہ جمہوریت کے حق میں مناسب نہیں ہے۔ اگر کسی کو پولیس کے خلاف شکایت ہو تو ہمارے علم میں لائیں۔ ریاستی حکومت ضرور کارروائی کرے گی۔ چیف منسٹر کا یہ بیان حالیہ بھانگر کے پرتشدد واقعات کے پس منظر میں آیا ہے جہاں پر پولیس کی متعدد گاڑیوں کو جلادیا گیا تھا۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی تخریبی عناصر کو یکا و تنہا کریں جوکہ ریاست میں امن و ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے کی کوشش میں ہیں۔ انھوں نے کسی کا نام لئے بغیر ہی کہاکہ بعض سیاسی جماعتیں تشدد اور فسادات بھڑکانا چاہتے ہیں لیکن بنگال کی حکومت ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔