احتجاجی طلباء پر حملہ سے دہلی پولیس کا حقیقی چہرہ بے نقاب

مظاہرین کیساتھ وحشیانہ سلوک پر یونین لیڈروں کا شدید ردعمل
نئی دہلی ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت دہلی میں واقع مختلف جامعات کے ط لباء جو کہ ایک دلت اسکالر روہت ویملا کے ساتھ انصاف میں تاخیر کے خلاف یہاں احتجاج کر رہے تھے ۔ ایک ویڈیو میں واضح نظر آرہا ہے کہ دہلی پولیس کا عملہ ، احتجاجیوں کو مار پیٹ کر رہا ہے اور یہ ثابت ہوجائے گا کہ مظاہرین کے ساتھ کس طرح کا ناروا سلوک کیا گیا ہے۔ نائب صدر دہلی اسٹوڈنٹس یویش شیلارشید نے کہا کہ حا لیہ برسوں میں طلباء نے صدائے احتجاج بلند کیا ہے لیکن ان کے حق احتجاج کو چھین لینے کی کوشش نہیں کی گئی ۔ ہم نے ہر وقت پرامن مظاہرہ کیا ہے اور اس مرتبہ پولیس نے زد و کوب ، غلط برتاؤ اور حملہ کیا ہے جس کا ثبوت ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے ۔ایک اور احتجاجی طالبہ سچیتاڈے نے الزام عائد کیا کہ ہم نے جو غیر مناسب سمجھا اس کے خلاف احتجاج ہمارا دستوری حق ہے اور جب کبھی ہم صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں اس طرح کا ناروا سلوک کیا جاتا ہے اور ہمارے حکمراں یہ ویڈیو دیکھ سکتے ہیں کہ ہماری پولیس کس طرح کام کرتی ہے ۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن کے لیڈر سمتی کمار نے کہاکہ کئی مرتبہ احتجاج کے موقع پر پولیس یہ خواہش کرتی ہے کہ افراتفری کا مظاہرہ نہ کریں اور ہم ، پرامن طریقہ پر مظاہرہ کرتے آرہے ہیں لیکن پہلی مرتبہ پولیس نے طلباء کو نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔ سماجی میڈیا پر ایک ویڈیو فلم پھیل جانے کے بعد طلباء کا یہ ردعمل آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کانسٹبلس عمداً احتجاجیوں بشمول خاتون طلباء کو مارپیٹ کر رہے ہیں اور ان کے بال پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے لے جارہے ہیں۔ یہ احتجاجی مظاہرہ ایک دلت اسکالر ویملا روہت کی خودکشی کے خلاف آرا یس ایس ہیڈکوارٹر پر کیا گیا تھا ۔قبل ازیں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلباء گزشتہ ایک ہفتہ روہت ویملا کے ساتھ انصاف کے مطالبہ پر احتجاج کر رہے ہیں۔ دریں اثناء ، عام آدمی پارٹی نے آج یہ الزام لگایا ہے کہ آر ایس ایس دفتر کے قریب احتجاجیوں پر حملہ میں سنگھ پریوار کے کارکن ملوث ہیں اور اس مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی سے وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں مظاہرین کے ساتھ بدتمیزی پر دہلی پولیس عملہ کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ سینئر عاپ لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ آر ایس ایس کی ایماء پر دہلی  پولیس نے احتجاجی طلباء پر اندھا دھند حملہ کردیا ہے جو کہ ویڈیو فلم میں واضح نظر آرہا ہے ۔ یہ حملہ آور سادہ لباس میں تھے۔انہوں نے کہا کہ آج کے واقعہ سے دہلی پولیس کا گھناونا چہرہ بے نقاب ہوگیا جنہوں نے خواتین کے ساتھ زیادتی اور مارپیٹ کی ہے ۔ علاوہ ازیں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج احتجاجی طلباء پر صدمہ انگیز حملہ پر نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ طلباء کے مطالبات کی سماعت کے بجائے ان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا گیا۔