اجمیر میں حیدرآبادی رباط کیلئے اراضی عدم دستیاب ، دوری پر اراضی کی تلاش

حکومت تلنگانہ کے عہدیداروں کو حکومت راجستھان کا جواب ، حکومت سے غلاف و نذرانہ کی پیشکشی
حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل (سیاست نیوز) اجمیر میں درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے قریبی علاقہ میں حیدرآبادی رباط تعمیر کیلئے اراضی دستیاب نہیں، لہذا راجستھان حکومت تقریباً 8 تا 10 کیلو میٹر فاصلہ پر ایک ایکر اراضی کی تلاش کر رہی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے غلاف مبارک کی پیشکشی کے سلسلہ میں راجستھان کا دورہ کرنے والے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو حکومت راجستھان نے یہ اطلاع دی۔ راجستھان کے وزیر ٹرانسپورٹ یونس خاں اور اقلیتی امور سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں سے تلنگانہ کے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر راجستھان حکومت کے عہدیداروں نے بتایا کہ درگاہ شریف کے قریبی علاقہ میں اراضی دستیاب نہیں ہے لہذا 8 تا10 کیلو میٹر فاصلہ پر حکومت ایک ایکر اراضی کی فراہمی پر غور کرسکتی ہے۔ راجستھان حکومت نے تلنگانہ حکومت کو اس تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے جواب دینے کا وقت دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درگاہ شریف کے اطراف و اکناف علاقہ میں کھلی اراضی کی کمی ہے۔ لہذا حیدرآبادی رباط کی تعمیر قریب میں ممکن نہیں۔ راجستھان کی حکومت نے 9 کیلو میٹر کے فاصلہ پر اراضی کی موجودگی کا اشارہ دیا تاہم اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کی رضامندی کا انتظار ہے۔ راجستھان حکومت نے زائرین کیلئے 9 کیلو میٹر کے فاصلہ پر عوامی سرائے کا انتظام کیا ہے جہاں زائرین توقف کرتے ہوئے حاضری کیلئے پہنچتے ہیں۔ 9 کیلو میٹر کے فاصلہ سے زائرین کی آمد و رفت کا معقول انتظام ہے۔ اگر تلنگانہ حکومت راضی ہوجائے تو اسی مقام پر ایک ایکر اراضی فراہم کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت پانچ کروڑ روپئے کے صرفہ سے زائرین کیلئے رباط تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اگر اندرون ایک ماہ اراضی کا انتخاب کرلیا جائے تو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آئندہ ماہ اجمیر پہنچ کر سنگ بنیاد رکھیں گے۔ راجستھان میں اقلیتی امور کے ایڈیشنل ڈائرکٹر ڈاکٹر سعود اختر اس مسئلہ پر تلنگانہ حکومت سے ربط میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ یونس خاں سرکاری دورہ پر حیدرآباد پہنچ رہے ہیں، ان کے حیدرآباد میں قیام کے دوران رباط کی اراضی کے مسئلہ پر بات چیت ہوگی۔ راجستھان کے سرکاری ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے چیف منسٹر راجستھان کو روانہ کردہ مکتوب سے متعلق فائل اراضی کی کھوج کے سبب زیر التواء ہے۔ اراضی کی نشاندہی کے بعد تلنگانہ حکومت کو اس کی اطلاع دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ اسپیشل سکریٹری سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر جلال الدین اکبر نے اجمیر شریف میں غلاف پیش کیا اور ڈھائی لاکھ روپئے نذرانہ دیوان جی جناب سید زین العابدین کے حوالہ کیا۔