اجمیر میں تلنگانہ رباط کیلئے اراضی کیلئے کلکٹر سے مشاورت

حیدرآباد ۔ 28 ۔مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اجمیر میں تلنگانہ رباط کی تعمیر کیلئے درگاہ شریف سے قریبی علاقہ میں اراضی حاصل کرنے کے حق میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر دفتر کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کلکٹر اجمیر سے ربط قائم کرتے ہوئے قریبی علاقہ میں اراضی کی نشاندہی کو یقینی بنائے۔ حالیہ دنوں میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اجمیر کا دورہ کرتے ہوئے 6 کیلو میٹر کے فاصلہ پر اراضی کی نشاندہی کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر درگاہ سے ایک کیلو میٹر کے احاطہ میں اراضی کے خواہاں ہیں اور خریدی کے سلسلہ میں جو بھی رقم درکار ہوگی اس کی منظوری کیلئے تیار ہیں۔ ایسے میں توقع کی جارہی ہے کہ بہت جلد اراضی کا انتخاب کرلیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ درگاہ شریف سے قریبی علاقہ میں اراضی کی خریدی پر 7 تا 8 کروڑ روپئے کا خرچ آئے گا ۔اراضی کے انتخاب کے بعد چیف منسٹر اجمیر پہنچ کر تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔