چتوڑ گڑھ۔12ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)دنیا بھر میں مشہور اجمیر کی خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کی ترقی کیلئے ایک صنعتی ادارے کے ذریعہ کروڑوں روپے کی امدادی رقم دئے جانے کے خلاف آج یہاں سنگھ کے ایسوسی ایٹ تنظیم بجرنگ دل سمیت دیگر ہندو تنظیموں نے مورچہ کھول دیا ،اور کلکٹریٹ پر زبردست مظاہرہ کیا۔موصول اطلاع کے مطابق گزشتہ دنوں چتوڑ گڑھ میں واقع ہندوستان زنک لیمیٹیڈ نے اقلیتی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیرمختار عباس نقوی کی درخواست پر اپنے سی ایس آر فنڈ سے اجمیر کی درگاہ کو ترقی کیلئے 100 کروڑ روپے کی رقم دئے جانے کے خلاف آج یہاں کلکٹریٹ پر بجرنگ دل اور شیو سینا نے مرکزی حکومت اور زنک لیمیٹیڈ انتظامیہ کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔مظاہرے کے دوران وشو ہندو پریشد کے ضلعی وزیر سدھیر بھٹناگر،بجرنگ دل کے ضلع کنوینر مکیش ناہٹا اور شیو سینا کے گوپال وید نے اپنے خطاب میں کہا کہ زنک سے نکلی آلودگی سے یہاں کے عوام بدحال ہیں اور مقامی بے روزگاروں کو اس کمپنی میں روزگار نہیں دیا جارہا ہے وہیں یہاں سے ہزاروں کروڑ کا منافع کمپنی لے رہی ہے لیکن یہاں کی ترقی کیلئے اپنے سی ایس آر فنڈ کو خرچ نہیں کیا جارہا ہے۔