غلاف مبارک اور نذرانہ بھی روانہ کرنے کی تیاریاں، اراضی الاٹمنٹ کے بعد تعمیرات شروع کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔/14فبروری، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت نے اجمیر میں تلنگانہ رباط کی تعمیر کیلئے 5کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 18 آج جاری کیا گیا۔5کروڑ کے صرفہ سے اجمیر شریف میں درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے قریبی علاقہ میں تلنگانہ کے زائرین کے قیام اور دیگر سہولتوں کیلئے عمارت کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ تلنگانہ حکومت نے راجستھان حکومت سے اس سلسلہ میں ایک ایکر اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا مکتوب ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کے حوالہ کیا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے اجمیر میں 5کروڑ سے زائرین کیلئے رباط کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر کی جانب سے غلاف مبارک اور نذرانہ بھی روانہ کیا جارہا ہے۔