کولکتہ ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : پولیس نے اتوار کی شب سالٹ لیک سیکٹر 5 کے قریب چلتی گاڑی میں ایک 23 سالہ خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کے سلسلہ میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ بھڈان نگر پولیس کمشنریٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران گذشتہ شب شمالی 24 پرگنہ ضلع میں ہاروا کے ایک ٹھکانہ سے 3 ملزمین کو پکڑ لیا گیا ۔ ان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج سے کی گئی جسے ثبوت کے طور پر محفوظ کردیا گیا ۔ بی جے پی نے آج اس واقعہ اور اس میں پولیس کے کردار کے خلاف سالٹ لیک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس کی قائد روپا گنگولی نے اظہار حیرت کیا کہ پولیس کو معلومات اتنی تاخیر سے حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر کارروائی نہ کی جائے تو بی جے پی کارکن دوبارہ احتجاج کریں گے۔ بائیں بازو قائدین نے چیف منسٹر ممتابنرجی سے ملاقات کرکے اس واقعہ میں ان سے مداخلت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہونا چاہئے۔ بعدازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد بایاں بازو محاذ سجن چکرورتی نے کہاکہ ممتابنرجی سے ہم نے کہہ دیا ہیکہ ایسے واقعہ سے ریاست کا نام بدنام ہوتا ہے۔ اس لئے انہوں مداخلت کرکے اس کا جائزہ لینا چاہئے۔