لکھنو۔یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) بلند شہر اجتماعی عصمت ریزی کیس میں 3 ملزمین کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے جبکہ ریاستی گورنر رام نائک نے فکرو تردد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مقامات پر اس طرح کے گھنائونے واقعات پیش آرہے ہیں جس کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اترپردیش پولیس نے کل 3 ملزمین نریش (25 سال) ببلو (22 سال) اور رمیش (28 سال) کو گرفتار کرلیا تھااور قومی شاہراہوں پر جرائم کا ارتکاب کرنے والی ڈاکوئوں کی ٹولی کی تلاش کے لئے درجنوں افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تھی۔ انسپکٹر جنرل پولیس (لا اینڈ آرڈر) ہرے رام شرما نے بتایا کہ بلند شہر کورٹ نے گرفتار 3 ملزمین کو 14 یوم کے لئے ریمانڈ کردیا ہے جبکہ ملزمین کی تحویل سے طلائی زیورات اور نقد رقم 5,500 روپئے بازیاب کرلے گئے اور یہ کیس فاسٹ ٹراک کورٹ میں چلایا جائیگا۔