حیدرآباد ۔ 23 جنوری (دکن نیوز) ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے اتوار 26 جنوری کو منعقد شدنی 25 ویں سلور جوبلی دوبدو ملاقات پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف کریں گے۔ توقع ہیکہ مولانا سید شاہ اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمعیتہ المشائخ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر حضرت کا خصوصی خطاب بھی ہوگا۔ قرأت کلام پاک کے بعد ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری بارگاہ رسالت مآب ؐ میں نعت شریف پیش کریں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے۔ دوبدو ملاقات پروگرام کا آغاز 10 بجے دن سے ہوگا جو 3 بجے دن تک جاری رہے گا۔ سعدیہ فنکشن پیالیس اور روزگارڈن فنکشن ہال ساگر روڈ چمپاپیٹ نزد آئی ایس سدن میں منعقد ہونے والے پروگرام کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ 25 ویں سلور جوبلی دوبدو پروگرام میں سنتوش نگر، سعیدآباد، ریاست نگر، بندلہ گوڑہ، عیدی بازار، ملک پیٹ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں رہنے والے مسلم والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی تاکہ اپنے لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کیلئے معیاری اور من پسند رشتوں کا انتخاب کیا جاسکے۔ توقع ہیکہ اضلاع سے بھی قابل لحاظ تعداد اس پروگرام میں شریک ہوگی۔ عقدثانی کے رشتوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر خصوصی عقدثانی کاونٹر قائم کیا جارہا ہے۔ باب الداخلہ پر رجسٹریشن کاونٹرس ہوں گے
جو لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات کے مفت رجسٹریشن کا کام انجام دیں گے۔ پروگرام میں تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے 11 کونسلنگ رومس مختص کئے جارہے ہیں جن میں میڈیسن، انجینئرنگ، ایم بی اے، ایم سی اے، بی ایڈ، ایم ایڈ، گریجویٹس و پوسٹ گریجویٹس، انٹرمیڈیٹ، ووکیشنل، ایس ایس سی، عالم، حافظ، فاضل اور کم تعلیم یافتہ لڑکے و لڑکیوں کے کاونٹرس شامل ہیں۔ دوبدو ملاقات پروگرام میں دردمند، قابل اور تجربہ کار 20 سے زائد کونسلرس باہمی مشاورت کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ 20 سے زائد والینٹرس والدین و سرپرستوں کی رہنمائی کریں گے۔ پیامات شادی کے اداروں اور خانگی مشاطوں کو داخلہ کی اجازت نہ ہوگی۔ اس بار بھی کمپیوٹر سیکشن قائم کیا گیا ہے جہاں والدین کو لڑکوں و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹا و فوٹوز کا مشاہدہ کرنے کی سہولت حاصل رہے گی۔ 25 ویں دوبدو سلور جوبلی پروگرام کے لئے دو شادی خانے حاصل کئے گئے ہیں جہاں وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جناب ایم اے قدیر نے والدین و سرپرستوں سے خواہش کی ہیکہ وہ اپنے لڑکے و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیوڈاٹاس اپنے ہمراہ لائیں۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9394801526 پر ربط کریں۔