اتوار و پیر کو منعقد شدنی ٹیٹ اور ایمسیٹ ملتوی

حیدرآباد۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں یکم مئی کو ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ (ٹیٹ) اور 2 مئی کو منعقد شدنی ایمسیٹ 2016ء ناگزیر وجوہات کی بناء ملتوی کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی تعلیمی اداروں بشمول انجینئرنگ کالجس کے انتظامیہ کی تشکیل دی گئی پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عدم تعاون کے سبب حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیراعلیٰ تعلیم مسٹر کے سری ہری نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور خانگی انتظامیہ جے اے سی کے موقف کی بناء پیدا شدہ تازہ صورتحال سے واقف کرایا۔انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں ٹسٹ فی الحال ملتوی کئے جارہے ہیں لیکن 20 مئی تک بہرصورت ان کا انعقاد ہوگا۔