حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج کوداڑ کے ای وی ریڈی کالج میں ارکان خاندان کے ساتھ حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے شکایت کی کہ پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولتوں کی کمی کے سبب رائے دہندوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں برقی سربراہی کا کوئی انتظام نہیں جس کے نتیجہ میں تاریکی دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے انہیں فون پر شکایات موصول ہورہی ہیں کہ پولنگ اسٹیشن بنیادی سہولتوں سے عاری ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی کی لہر ہے اور راہول گاندھی کا وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونا یقینی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی غریبوں کے لیے اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی جس کے تحت ماہانہ 6 ہزار روپئے بینک اکائونٹ میں جمع کیئے جائیں گے اور سالانہ 72 ہزار روپئے کی آمدنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کسانوں کی تمام فصلوں کی امدادی قیمت کا وعدہ کیا ہے۔ کسانوں کے لیے علیحدہ بجٹ پیش کیا جائے گا۔