لکھنؤ۔/3فبروری ، ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کی جیلوں میں قیدیوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر جیل انتظامیہ نے قیدیوں کے رجحانات کا پتہ چلانے کا بیڑہ اُٹھایا ہے جو کہ گزشتہ چند سال کے دوران خودکشی کرلی ہے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے خاندان کا پس منظر معلوم کیا جائے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ( محابس ) مسٹر آر ار بھٹناگر نے بتایا کہ گزشتہ چار پانچ سال کے دوران جن قیدیوں نے خودکشی کرلی ہے اس کی وجوہات کا پتہ چلایا جائے گا اور مطالعاتی رپورٹ کی بنیاد پر قیدیوں کی خودکشی کے رجحانات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ قیدیوں کے بارے میں چھان بین کے دوران ان کے خاندان کا پس منظر، ارتکاب جرم کی نوعیت اور ان کے خلاف درج کیسوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بعد ازاں ایک عملی منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی اور قیدیوں کو خودکشی جیسے انتہائی اقدام سے باز رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔