8 نعشیں برآمد، مہلوکین میں فضائیہ کے تین عہدیداران بھی شامل، خراب موسم کی وجہ سے راحت پہنچانے کے کاموں میں مشکلات
گاؤشر ۔ 25 ۔ جون (پی ٹی آئی) اترکھنڈ میں راحت کاری اقدامات کے دوران خراب موسم کی وجہ سے گاوری کند کے قریب ہندوستانی فضائیہ کا عصری ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں 20 افراد بشمول فضائیہ اور پیراملٹریی فورس کے جوان ہلاک ہوگئے۔ نائب صدرنشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی ایم ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ تاحال 8 نعشیں برآمد کی گئی ہیں اور انہوں نے 20 افراد میں سے کسی کے بھی بچنے کے امکانات کو موہوم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طیارہ میں 20 افراد بشمول این ڈی آر ایف ، آئی ٹی بی پی اور آئی اے ایف کے جوان سوار تھے۔ فضائیہ کے ترجمان نے دہلی میں بتایا کہ ایک Mi-17 V5 ہیلی کاپٹر جو گاؤشر تا گپتاکشی اور کیدار ناتھ میں راحت کاری مشن پر تھا، کیدار ناتھ سے واپسی کے دوران گاؤری کند کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ ترجمان نے بتایا کہ مہلوکین میں تین آئی اے ایف کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔ ردرا پریاگ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ویریندر جیت سنگھ نے کہا ہے کہ حادثہ کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی لیکن قوی امکان یہ ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ایرفورس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس ہیلی کاپٹر نے آج صبح سے کیدار ناتھ کے دو چکر لگاتے ہوئے پھنسے ہوئے افراد کو یہاں منتقل کیا لیکن تیسری چکر میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور گہرے کہر کی وجہ سے خراب موسم میں اس ہیلی کاپٹر کی پرواز مشکل ہوگئی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ جاریہ ہفتہ کے دوران ہیلی کاپٹر کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے پہلے اتوار کو راحت کاری اشیاء لے جارہا خانگی ہیلی کاپٹر ردرا پریاگ ضلع میں حادثہ کا شکار ہوگیا تھا جس میں پائلٹ زخمی ہوگیا تھا۔