مظفر نگر ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی اترپردیش کے ضلع حکام نے ایک گینگسٹر وکی تیاگی کے قتل کے پیش نظر جیل سے عدالت لانے اور لیجانے کے دوران خطرناک مجرموں کی سیکوریٹی بڑھا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع حکام نے مختلف جیلوں میں محروس گینگسٹروں کی ایک فہرست تیار کی ہے تاکہ جیل سے عدالت منتقلی کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے جاسکیں۔ سہارنپور پولیس نے ایک گینگسٹر سوشیل شکلا کو بلٹ پروف جیکٹ فراہم کیا ہے جو کہ بارکل قتل کیس کے اصل ملزم وکی تیاگیکے ساتھ شریک جرم تھا اور وہ فی الحال سہارنپور جیل میں قید ہے۔ کل اسے جیل سے عدالت میں مقدمہ سماعت کیلئے روانگی کے وقت یہ جیکٹ پہنایا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ وکی تیاگی کو 16 فروری کے دن ایک نابالغ حملہ آوار نے گولی مار کر ہلاک کردیا ہے ۔ وہ ایک وکیل کے بھیس میں کمرہ عدالت میں داخل ہوا تھا ۔ دریں اثناء عدالت نے بارکل قتل کیس کی سماعت کو 3 مارچ تک ملتوی کردیا۔ اس موقع پر 18 ملزمین کو جنہیں ضلع جیل سے عدالت لایا گیا تھا، اپنی حفاظت کی درخواست کی ہے۔