اتحادی افغان حکومت کے قیام کی کوشش شکستہ

کابل۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان میں حکومت سازی کیلئے عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے درمیان جاری مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ عبداللہ عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ اگر آج منگل کے روز اُن کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ متحدہ حکومت کے مذاکرت سے علیحدہ ہو جائیں گے۔ افغانستان کے حریف صدارتی امیدواروں کے درمیان شراکتی حکومت کا معاہدہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی کوششوں سے طے پایا تھا۔ افغانستان کی ہزارہ کمیونٹی کے لیڈر محقق کے مطابق بات چیت میں تعطل ہے اور پیش رفت کا امکان دکھائی نہیں دے رہا۔ گزشتہ ماہ کرزئی حکومت نے آج منگل کے روز نئے صدر کی حلف برداری کو تجویز کیا تھا لیکن انتخابات کا آڈٹ امکاناً 10 ستمبر تک مکمل ہو گا۔ اِس کے سبب طئے شدہ تقریب ممکن نہیں دکھائی دیتی۔

اسرائیلی منصوبے پر اقوام متحدہ کی تنقید
نیو یارک۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے مغربی کنارے کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرنے کے اسرائیلی منصوبے پر کڑی تنقید کی ہے۔ میڈیاکے مطابق بان نے کہاکہ اس اسرائیلی فیصلے نے انہیں فکر مند کر دیا ہے۔ تل ابیب حکام نے بیت اللحم کے مغربی حصے میں چار سو ہیکٹر پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بان نے کہا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کی اسرائیلی پالیسی مشرق وسطی امن مذاکرات کی راہ میں پہلے ہی ایک بڑی رکاوٹ ہے ۔