اُری حملہ کے تناظر میں وزیراعظم مودی پر شیوسیناکا درپردہ حملہ
ممبئی ۔26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) اُری حملے کے بعد پاکستان کے خلاف ہندوستان کے ردعمل کو ملحوظ رکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو درپردہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی کی کلیدی حلیف پارٹی شیوسینا نے آج کہا کہ پڑوسی ملک کے وزیراعظم نواز شریف اب 56 انچ کا سینہ دکھارہے ہیں ۔ سینا نے یہ بھی کہاکہ اُسے اندیشہ ہے کہ ہندوستان کو دنیا میں عملاً یکا و تنہا کیا جارہا ہے ، کیوں کہ اُس کی تمام تر کوششوں پر عالمی قائدین سوائے زبانی ہمدردی کچھ بھی عملی اقدامات نہیں کررہے ہیں ۔ عالمی سطح پر تعلقات استوار کرنے ہندوستان کی تمام کوششیں ناکام ہورہی ہیں کیوں کہ کسی بھی ملک نے اُری حملوں کے معاملے میں ہندوستان کی حمایت نہیں کی ، یا کم سے کم عملی طورپر کوئی اقدام نہیں کیا بلکہ صرف زبانی ہمدردی سے کام لیتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت پر اکتفاء کیا ہے۔ لیکن بی جے پی کے سوشل میڈیا سل نے اسے بہت کچھ مطلب نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے ایسا ظاہر کیا کہ پاکستان کو اس مسئلے پر یکا و تنہا کیا گیا ہے ۔ سینا کے ترجمان سامنا کے اداریہ میں طنزیہ ریمارک کیا گیا کہ مودی نے کبھی فخر سے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کا 56 انچ کا سینہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرسکتا ہے ۔ لیکن اب پڑوسی ملک اُنھیں اُسی انداز میں تنگ کررہا ہے ۔