اب نل کے بل بھی گھر بیٹھے ادا کرنے کی سہولت

حیدرآباد میٹرو واٹر وارکس کی جانب سے ایپ کی تیاری ۔ ماہانہ آمدنی میں اضافہ کیلئے اقدامات
حیدرآباد ۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس نے صارفین کی سہولت کیلئے نلوں کی بلس اپنے گھروں سے ادا کرنے ایپ کا آغاز کیا ہے ۔ اس ایپ کو بی بی پی ایس سے مربوط کیا گیا ہے کیونکہ بی بی پی ایس تقریباً تمام قومی اور پرائیویٹ بینکوں کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ذریعہ بلوں کی ادائیگی پر زائد چارجس وصول نہیں کئے جاتے۔ صارفین اس ایپ کو اپنے اسمارٹ فونس میں ڈاؤن لوڈ کرکے اپنا نام، فون نمبر اور میل آئی ڈی کے ذریعہ رجسٹر کرنا ہوگا ۔ صارفین کو یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ بنانا ہوگا بعدازاں صارفین نلوں کی بلس اس ایپ کے ذریعہ ادا کرسکتے ہیں۔ واٹر ورکس ریونیو ڈائرکٹر وجئے کمار ریڈی نے بتایا کہ بی بی پی ایس کا مطلب بھارت بلس پیمنٹ کارپوریشن ہے کیونکہ یہ صرف ایک ایپ نہیں بلکہ ملک کی تقریباً تمام بینکس کسی بھی طرح کی بلس کی ادائیگی کیلئے بی بی پی ایس کو استعمال کرتی ہیں اور یہ ادارہ آر بی آئی کے تحت کام کرتا ہے۔ شہر میں تقریباً 9.65 لاکھ نل صارفین ہیں جس کی وجہ سے ہر نل صارف کے گھر تک نل کی بل پہنچنا اور بلوں کی وصولی میٹرو واٹر ورکس کیلئے دردسر ہے۔ واٹر ورکس کی ماہانہ آمدنی 110 کروڑ ہے تو اخراجات 130 کروڑ ہیں اور اخراجات کے مطابق آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے ماہانہ بجٹ خسارے میں ہے اور اس مناسبت سے مختلف طریقہ سے آمدنی میں اضافہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ 600 بل کلکٹرس کی تعداد میں بھاری اضافہ کرتے ہوئے 1100 بل کلکٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اور بل کلکٹر گھر گھر جاکر صارفین کو بلس حوالے کررہے ہیں اور بل کلکٹرس باقاعدہ میٹرس کی ریڈنگ کے مطابق بلس جاری کرنے کی وجہ سے آمدنی میں تھوڑا بہت اضافہ ہوا ہے اور اسی مناسبت سے بلس کی ادائیگی کیلئے نئے ایپ کا آغاز کیا ہے۔ وجئے کمار نے بتایا کہ نہ صرف بی بی پی ایس ایپ کے ذریعہ بلکہ واٹر ورکس کے ویب سائیٹ سے پے ٹی ایم کے ذریعہ یا پے ٹی ایم ایپ کے ذریعہ بھی صارفین نلوں کی بلس ادا کرسکتے ہیں۔