نئی دہلی ۔یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام )انڈین ریلوے نے ان ریزروٹکٹوں کو بھی موبائل ایپ کے توسط سے خریدنے کی سہولت آج سے شروع کردی ہے ۔کوئی بھی مسافر اپنا سفرشروع کرنے کے اسٹیشن کے پانچ کلومیٹر کے دائرے سے ملک کے کسی بھی اسٹیشن کے لئے ٹکٹ خرید سکتاہے ۔ریلوے بورڈ کے ممبر(ٹریفک )گریش پلے نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ ابھی تک ایک زون کے اندر ہی کام کرنے والے یوٹی ایس آن موبائل ایپ میں انٹر زون ٹکٹ جاری کرنے کی سہولت شروع کردی گئی ہے جو نصف شب سے نافذ ہودچکی ہے اور ابتدائی آٹھ گھنٹوں میں تقریبا 4000ٹکٹ خریدے جاچکے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ اس ایپ سے سیزن ٹکٹ بھی خریدے جا سکیں گے ۔مسٹر پلے نے بتایاکہ مسافر ایک بار میں ایک ٹکٹ لے سکتاہے اور اس میں زیادہ سے زیادہ چارلوگوں کے ٹکٹ شامل ہوسکتے ہیں ۔اس کا استعمال سفرشروع کرنے والے اسٹیشن کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں پہنچنے کے بعد ہی کیاجاسکتاہے ۔اس کے لئے اسمارٹ فون ہونا لازمی ہے جو جیوپوزیشننگ سسٹم کی بنیاد پر کام کرسکے ۔