ابوظہبی کی تیل کمپنی رتناگیری ریفائنری پراجکٹ میں حصہ دار

نئی دہلی۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ابوظہبی کا نیشنل آئیل کمپنی (ADNOC) مہاراشٹرا کے رتناگیری کے 44 بلین ڈالرس کے مجوزہ ریفائنری و پٹروکیمیکل پراجیکٹ کے 25 فیصد حصص کیلئے آئندہ ہفتہ ایک ابتدائی معاہدہ پر دستخط کرے گی۔ اس طرح ADNOC سعودی آرامکو کے ساتھ شامل ہوجائے گی جو دنیا کی سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والی کمپنی ہے 2025 تک اس پراجیکٹ کا حصہ بن جائیگی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 25 جون کو ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ADNOC نے اس معاہدہ پر دستخط کا منصوبہ اس وقت بنایا تھا جب ہندوستان کے وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔