ممبئی ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایک 26 سالہ خاتون نے خصوصی ٹاڈا عدالت سے رجوع ہو کر گینگسٹر ابوسالم کے ساتھ شادی کی اجازت طلب کی ہے جو کہ 1993 میں ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کیس میں ان دنوں جیل میں مقید ہے ۔ اس خاتون نے ٹاڈا عدالت میں ایک عرضی داخل کرتے ہوئے سالم کے ساتھ شادی کی اجازت کے لیے استدعا کی ہے ۔ خاتون کی وکیل فرحانہ شاہ نے یہ اطلاع دی ہے اور بتایا کہ ممبئی شہر کے ایک اخبار میں یہ خبر شائع ہونے پر کہ ایک خاتون نے ابوسالم سے شادی کرلی ہے ۔ پولیس نے اس خبر کی تصدیق کے لیے چھان بین کی ہے اور کئی لوگوں کو ابوسالم کے ساتھ اس خاتون کی تصاویر بتاتے ہوئے شادی کے بارے میں دریافت کیا ہے ۔ تاہم خاتون نے بتایا کہ ابھی شادی انجام نہیں پائی ہے ۔ تاہم پولیس کی تحقیقات کے بعد اس خاتون نے ابوسالم سے شادی کا فیصلہ کیا ہے ۔ گذشتہ سال ستمبر میں سی بی آئی نے ٹاڈا عدالت کو بتایا ہے کہ ابوسالم کے ساتھ جس خاتون کی تصویر شائع کی گئی ہے ۔ اس میں ہیرا پھیری کی گئی ہے ۔ ٹاڈا عدالت نے ایک مقامی اخبار میں یہ خبر شائع ہونے پر کہ ابوسالم نے ٹرین میں سفر کے دوران ٹیلی فون پر ایک خاتون سے ایجاب و قبول کرلیا ۔ جسے ایک مقدمہ کی سماعت کے لیے لکھنو منتقل کیا جارہا تھا ۔ ابوسالم نے بھی شادی کی خبر کو بے بنیاد اور جھوٹی قرار دیا ہے ۔۔