نئی دہلی ، 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گینگسٹر ابوسالم کو دہلی کے بزنسمین سے 2002ء میں حفاظت کی ضمانت کے طور پر پانچ کروڑ روپئے کی رقم کا تقاضہ کرنے سے متعلق کیس میں آج یہاں کی ایک عدالت نے مجرم پایا ہے۔ ایڈیشنل سیشنس جج ترون سہراوت نے ابوسالم کو جبری وصولی اور مجرمانہ دھمکی دینے کا مجرم پایا اور سزا کے تعین کے سلسلے میں سماعت کیلئے اس معاملے کو 30 جولائی پر ڈال دیا۔ تاہم عدالت نے دیگر ملزمین چنچل مہتا، ماجد خان، پون کمار متل اور محمد اشرف کو اُن کے خلاف ثبوت کا فقدان ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے الزامات منسوبہ سے بری کردیا۔ ایک ملزم سجن کمار سونی کی ٹرائل کے دوران موت ہوگئی۔