نئی دہلی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ریڈیو ایران نے آج اطلاع دی ہے کہ داعش عسکری گروپ کا سربراہ ابوبکر البغدادی ہلاک ہوگیا ہے ۔ قبل ازیں گارجین کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا تھا کہ البغدادی مارچ میں امریکی زیر قیادت اتحادی افواج کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ رپورٹ کے بموجب البغدادی نینوا صوبہ کے الباز ضلع میں زخمی ہوا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ اس کی صحتیابی کی رفتار بہت سست تھی اور وہ اپنے گروپ پر کنٹرول بھی نہیں کر پا رہا تھا۔البغدادی کے سرپر 10 ملین ڈالرس کا انعام رکھا گیا تھا ۔ حال ہی میں ایک اعلی عراقی فوجی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل عبدالامیر الشماری نے بتایا تھا کہ ان کی افواج نے گذشتہ چند دن کے دوران زائد از 250 دہشت گردوں کا ہلاک کیا ہے ۔ ذرائع ابلاغ میں حالانکہ اس اطلاع کا تذکرہ کیا گیا ہے تاہم ابھی انٹلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے کوئی باضابطہ توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ پنٹگان نے بھی اس اطلاع کی توثیق سے انکار کیا ہے اور کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ اطلاعات سابقہ حملہ سے مربوط ہوں ۔ پنٹگان نے تاہم کہا کہ سابقہ حملہ میں البغدادی نشانہ نہیں تھے ۔ پنٹگان کے بموجب اسے اس بات کے کوئی آزادانہ اشارے نہیں ملے ہیں ال بغدادی زخمی یا ہلاک ہوا ہے ۔