حیدرآباد۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے رمضان المبارک بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام روایت سے ہٹ کر دعوتِ افطار کو غیرمرکوز کردیا جائے گا۔ مساجد کے ائمہ کرام اور موذنین کو ہر ماہ 1,000/- روپئے دینے کے علاوہ غریبوں میں 26 کروڑ روپئے مالیتی ملبوسات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ سابقہ حکومتیں ماہ رمضان کے دوران روایتی انداز میں ایک یا دو دعوت افطار کا اہتمام کرتی تھیں لیکن اب 8 جولائی کو نظام کالج گراؤنڈ پر مرکزی دعوت افطار کے علاوہ شہر کی تقریباً 100 مساجد میں بھی روزہ داروں کیلئے دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے ائمہ کرام و موذنین کو ماہانہ 1,000/- روپئے کی رقم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس پروگرام کے تحت تقریباً پانچ ہزار مساجد کا احاطہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کا مرکز ہے۔ حکومت نے رمضان المبارک بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 1.95 لاکھ غریب مسلم خاندانوں کو غذا اور ملبوسات فراہم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں قائم انیس الغرباء کے علاوہ دیگر یتیم خانوں میں طعام کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے تمام ضلع مستقروں پر حکومت کی جانب سے ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں دعوت افطار معہ طعام کا انتظام کیا جائے گا۔ آج ضلع کلکٹرس کے ساتھ منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں اس تعلق سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 1.95 لاکھ غریب افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان میں فی کس 500/- روپئے مالیتی ملبوسات تقسیم کئے جائیں گے۔ اسی طرح دعوت افطار و طعام کے سلسلے میں 4 کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے۔ ائمہ کرام و موذنین کی ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی کیلئے ہر ماہ ایک کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 8 جولائی کو نظام کالج گراؤنڈ پر منعقد شدنی دعوت افطار میں مختلف ممالک بشمول سعودی عرب، ترکی، انڈونیشیا اور ایران کے سفیر اور قونصل جنرل کو مدعو کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی، وزیر توانائی جگدیش ریڈی، رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد سلیم اور دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے خصوصی پروگرامس کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کیلئے سینئر آئی پی ایس عہدیدار مسٹر اے کے خان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مسٹر محمود علی ، مسٹر محمد سلیم کے علاوہ چیف سیکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما انتظامات کا جائزہ لیں گے۔