10 جنوری مقرر ، وقف بورڈ میں رہبری کے لیے خصوصی سیل کا قیام
حیدرآباد۔ 30 ۔ ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور مؤذنین کو حکومت کی جانب سے ماہانہ اعزازیہ کیلئے درخواستوںکے ادخال کی تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ 10 جنوری کو 5 بجے شام تک درخواستیں آن لائین داخل کی جاسکتی ہیں۔ اس اسکیم کیلئے 7 ڈسمبر سے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں اور 30 ڈسمبر آخری تاریخ تھی۔ تاہم مقررہ نشانہ کے مطابق درخواستوں کی عدم وصولی کے باعث تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتاہے کہ ابھی تک 1900 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جبکہ حکومت 5000 مساجد کے ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ ایک ہزار روپئے اعزازیہ ادا کرنا چاہتی ہے۔ حکومت نے اس اسکیم کیلئے وقف بورڈ کو 12 کروڑ روپئے الاٹ کئے ہیں۔ خواہشمند ائمہ اور مؤذنین ضروری شرائط کی تکمیل کے ساتھ www.waqf.telangana.gov.in یا می سیوا سنٹرس سے آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اس اسکیم کیلئے ائمہ اور مؤذنین کی جانب سے حوصلہ افزاء ردعمل حاصل نہیں ہوا ہے ۔ وقف بورڈ نے درخواست گزاروں کی رہنمائی کیلئے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔