ائمہ و موذنین کو اعزازیہ ، آن لائن ادخال فارم کی خواہش

حیدرآباد۔یکم۔فروری(سیاست نیوز) ریاست کے ائمہ و موذنین جو کہ حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے اعزازیہ کے حصول کے خواہشمند ہیں وہ می سیوا مراکز کے ذریعہ اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ائمہ و مودنین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ www.waqfims.telangana.gov.in پر اپنا رجسٹریشن کرواتے ہوئے فارم حاصل کریں اور آن لائن فارم کو پر کرتے ہوئے درخواست کو مکمل کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ پر رجسٹریشن کے بعد درخواست گذار کو موبائیل پر او ٹی پی وصول ہوگا اور اس او ٹی پی کے ذریعہ درخواست گذار بہ آسانی اپنی درخواست کو مکمل کرسکتے ہیں۔درخواست کے ادخال کے بعد وقف انسپکٹرس ان درخواستوں کا شخصی جائزہ لیں گے اور درخواست گذاروں کی تنقیح کا عمل مکمل کیا جائے گا بعد ازاں ریاستی حکومت کی جانب سے ائمہ و موذنین کو فراہم کیا جانے والا اعزازیہ درخواست کی منظوری کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گا۔جو ائمہ و موذنین ریاست تلنگانہ کی کسی بھی مسجد میں خدمات انجام دے رہے ہوں وہ اس اعزازیہ کے حصول کیلئے درخواست داخل کرسکتے ہیں۔