نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو آگسٹا ویسٹ لینڈ معاملت میں کرپشن کے الزامات پر حاشیہ پر کرنے کی کوشش میں بی جے پی نے آج اپوزیشن پارٹی سے وضاحت طلب کی، جبکہ کانگریس نے جوابی وار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیوں مودی حکومت نے اس فرم کو بلیک لسٹ پر ڈالنے کے عمل کو منسوخ کردیا۔ کانگریس پر لفظی حملہ چھیڑتے ہوئے وزیر ماحولیات اور جنگلات پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ آگسٹا ویسٹ لینڈ کیس میں جو کچھ انکشاف ہوا، وہ ’’بہت اہم اور نہایت سنگین‘‘ ہے اور یہ کہ کانگریس کی طرف سے وضاحت ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو درہم برہم کرنے کی بجائے کانگریس کو احتساب کرنا چاہئے کہ انھوں نے اس ملک کیلئے کیا کیا ہے اور وضاحت کرنا چاہئے کہ اس کیس میں اُن کے قائدین کا کیا رول ہے۔ تاہم، کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے جواباً کہا کہ اگر اس معاملے پر کسی کو سوالات کے جواب دینا ہے تو وہ مودی حکومت ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں حکومت ہند کو کچھ نقصان نہ ہوا۔