لکھنؤ ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ڈرونس کے ذریعہ گھروں پر چائے کی سربراہی ہندوستان میں اب دور کی بات نہیں رہی۔ ایک ٹیکنیکل اسٹارٹ اپ ادارہ لکھنؤ میں ایک بزنس ماڈل پر کام کررہا ہے جس کا مقصد ڈرون سے گاہکوں کے گھر تک چائے پہنچانا ہے۔ آئی آئی ٹی کے فارغ طالب علم کی چار دوستوں کے ساتھ قائم ایک کمپنی ’ٹیک ایگل‘ فوڈ ایپ کے ذریعہ آرڈرس حاصل کریگی۔ مجوزہ ڈرونس دو کیلو وزنی غذائی اشیاء اٹھا سکتے ہیں اور 10 کیلو میٹر فاصلہ کا سفر کرسکتے ہیں۔ محکمہ صنعتی پالیسی و ترویج نے اس ادارہ کو اسٹارٹ اپ کی حیثیت سے تسلیم کیا ہے اور ’مستقبل کی ڈرون صنعت میں سرمایہ کاری‘ کیلئے سنجیدہ مساعی کررہا ہے۔ محکمہ کے ویب سائیٹ نے کہا ہیکہ یہ ادارہ تجارتی، سیول اور دفاعی استعمال کیلئے ڈرونس کو فروغ دے رہا ہے۔ ہنر کا خلاء پُر کرنے گریجویٹس کیلئے تربیتی کورسیس شروع کئے جارہے ہیں۔ لکھنؤ کا ایک اور ادارہ ’’کاکا آن لائن‘‘ ہندوستان میں غذا سربراہ کرنے والی صنعت میں انقلاب لانے کیلئے ڈرون ڈیلیوری نظریہ کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ آن لائن پلیٹ فارم لکھنؤ کے مختلف ریستورانوں سے کباب، چکن اور دیگر لوازمات گاہکوں کے گھر پہنچائے گا۔