’آپریشن لوٹس کو شکست ، جمہوریت کی جیت ‘: سرجے والا

غریب بیچارے یدی یورپا !کٹھ پتلی نچانے والے ناکام ، کٹھ پتلی گر پڑی اور ٹوٹ گئی: چدمبرم
نئی دہلی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اعتماد کا ووٹ کا سامنا کرنے سے قبل ہی مستعفی ہوجانے کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کی جانب سے ان کے اس فیصلے کے اعلان کے فوری بعد کانگریس نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو خریدنے بی جے پی کے ’’آپریشن لوٹس‘‘ کو شکست ہوگئی اور جمہوریت جیت گئی۔ لوٹس (کنول) بی جے پی کا انتخابی نشان ہے۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’آپریشن لوٹس ناکام ہوگیا۔ بی ایس یدی یورپا صرف دو دن چیف منسٹر رہے جیسا کہ ملک نے اس کی پیش قیاسی کی تھی۔ انہوں نے 7 دن تک چیف منسٹر رہنے خود اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ جمہوریت جیت گئی۔ دستور جیت گیا۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے بھی کہا کہ کرناٹک میں فی الحال ہی سہی جمہوریت محفوظ ہوگئی ہے۔ چدمبرم نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’غریب بیچارے مسٹر یدی یورپا… جب کٹھ پتلیاں نچانے والے ناکام ہوگئے تو کٹھ پتلی بھی گر پڑی اور ٹوٹ گئی‘‘۔ یدی یورپا نے جو دو دن قبل چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لئے تھے، معمولی اکثریت حاصل نہ ہونے کے سبب آج یہ اعلان کردیا کردہ مستعفی ہورہے ہیں اور ایوان میں خط اعتماد کا سامنا نہیں کریں گے۔