کیلئے مرن برت شروع کرنے کی دھمکی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کے کنوینر محمد امان اللہ خاں نے آٹو رکشاؤں کے کرایوں میں اضافہ اور دیگر مطالبات پر 7 مئی سے ٹرانسپورٹ بھون پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ امان اللہ خاں نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں کی شرحوں کے مطابق تلنگانہ میں آٹو رکشاؤں کے کرایہ میں اضافہ کرنے کے مسئلہ پر ریاستی حکومت کی ’ مجرمانہ غفلت ‘ کے خلاف بطور احتجاج مرن برت کا آغاز کریں گے ۔ انہوں نے غریب آٹو رکشا ڈرائیورس کے مسائل حل کرنے اور سبسیڈی کے طور پر 50 فیصد آٹو تھرڈ پارٹی انشورنس چارجس برداشت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کے ایک وفد نے یکم جنوری 2018 کو چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک تفصیلی یادداشت پیش کی تھی ۔ لیکن واجبی مطالبات کو حل کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے تاحال کچھ نہیں کیا گیا ۔ امان اللہ خاں کی پریس کانفرنس میں جے اے سی کے دیگر قائدین کے لکشمی نرسیا ، ایم اے سلیم ، مرزا رفعت بیگ ، ایم اے قدیر ، ومشی کرشنا ، محمد عظیم الدین ، شیخ رحیم ، ٹھاکر جئے سنگھ اور محمد فاروق وغیرہ موجود تھے ۔۔