آٹزم سے متاثرہ افراد کو حکومتی مدد:تھاور چند گہلوٹ

نئی دہلی، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آٹزم ( ذہنی معذوری) کے تئیں سماج میں بیداری لانے کی اپیل کرتے ہوئے سماجی انصاف تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر تھاور چند گہلوٹ نے آج کہا کہ حکومت اس میں مبتلا بچوں اور لوگوں کو مناسب مدد اور علاج دستیاب کرائے گی۔ گہلوٹ نے یہاں قومی آٹزم کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں معلومات کے فقدان کی وجہ سے ایسے بچوں کا پتہ نہیں چل پا تا اور انہیں نظرانداز کر دیا جاتا ہے ۔لیکن ان پر معمولی توجہ دی جائے اور مناسب مدد فراہم کرائی جائے تو یہ معذور افراد بھی معمول کی زندگی بسر کر سکتے ہیں۔ اس کانفرنس کا انعقاد نیشنل ٹرسٹ نے کیا ہے ۔ کانفرنس میں سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت کرشن پال گرجر اور رام داس اٹھاولے موجود تھے ۔ اس موقع پر نیشنل ٹرسٹ اور روٹری کلب کے درمیان آٹزم کے سلسلے میں بیداری پھیلانے کیلئے مفاہمت نامہ پر دستخط بھی کئے گئے۔ گہلوٹ نے آٹزم سے متعلق تین کتابچے کی رونمائی بھی کی ۔ انہوں نے آٹزم سے متاثرہ چند بچوں کو خصوصی حصولیابیوں کیلئے انعام سے بھی نوازا۔ گہلوٹ نے کہا کہ آٹزم سے متاثر شخص کو زندگی میں متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بہت سے شعبوں میں آٹزم کے سلسلے میں بیداری پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔اسی کے تحت نیشنل ٹرسٹ کی طرف سے آٹزم میں مبتلا معذور افراد کیلئے 10 فلاحیں اسکیمیں دسمبر 2015 سے شروع کی گئی ہیں۔