ہڑتال سے دستبرداری کی خواہش ، وزیر برقی کو مذاکرات کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے محکمہ برقی میں آوٹ سورسنگ کے تحت خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو مرحلہ وار اساس پر باقاعدہ بنانے کا تیقن دیا ، ہڑتال کی نوٹس سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ایمپلائز یونین کو وزیر برقی سے مذاکرات کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں محکمہ برقی کے شعبہ جات ٹرانسکو ، جینکو اور ڈسکام کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی ، جینکو سی ایم ڈی ، ڈی پربھاکر راؤ ، ٹی ایس ایس پی ، ڈی سی ایل ایم ڈی راگھوما ریڈی ، ٹی ایس این پی ڈی سی ایل ، سی ایم ڈی گوپال راؤ محکمہ برقی کے پرنسپل سکریٹری اجئے مشرا ، سی ایم او پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ ، ایڈیشنل پرنسپل سکریٹری شانتا کماری نے شرکت کی ۔ جینکو سی ایم ڈی پربھاکر راؤ نے محکمہ برقی میں خدمات انجام دینے والے آوٹ سورسنگ ایمپلائز کے مطالبات کو چیف منسٹر کے سامنے پیش کیا ۔ سب اسٹیشن برقی لائن کی نگرانی کے علاوہ دوسرے شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے آوٹ سورسنگ ایمپلائز کے مسائل اور ان کے مطالبات بالخصوص ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لیے پیش کی گئی ہڑتال کی نوٹس سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا کہ حکومت آوٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کے بارے میں سنجیدہ ہے ۔ انسانی ہمدردی کے تحت ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی حکمت عملی تیار کرنے کا اعلیٰ عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ حکومت ایمپلائز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ابتداء سے سنجیدہ ہے ۔ ہر مسئلہ کا حل موجود ہے ۔ مطالبات کو منوانے کے لیے ہڑتال کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے سیاسی وجوہات کے تحت ہڑتال نہ کرنے کا یونینوں کو مشورہ دیا ۔ عوامی مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے فوری ہڑتال کی نوٹس کو واپس لیتے ہوئے 2 دسمبر سے ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی سے مذاکرات کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ یہی چاہتے ہیں کہ سماج کا ہر طبقہ خوشحال اور مطمئن رہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ ماضی میں محکمہ برقی کے ایمپلائز اور آوٹ سورسنگ کے تحت خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا ۔ محکمہ برقی کے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت پوری طرح تیار ہے ۔۔