آوٹر رنگ روڈ پر حادثات کے زخمیوں کی منتقلی کے لیے ایمبولنس خدمات میں اضافہ

انسداد حادثات پر حکومت کے اقدامات بے اثر ، بروقت طبی خدمات کی تجویز
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آوٹر رنگ روڈ پر تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے لگاتار پیش آنے والے سڑک حادثات سے کئی افراد مر رہے ہیں ۔ سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کے باوجود او آر آر پر حادثات رونما ہورہے ہیں ۔ ایچ ایم ڈی اے سائبر آباد اور راچہ کنڈہ پولیس کے مشترکہ اقدامات کی وجہ سے ماضی کے مقابلہ حالیہ سڑک حادثات میں کسی قدر کمی واقع ہوئی ہے ۔ تاہم حادثات سے شدید زخمی افراد کی برسر موقع ہلاکت کا سلسلہ برقرار ہے ۔ ان ہلاکتوں کے تدارک کے لیے ایچ ایم ڈی اے او آر آر پر ہیلت ایمرجنسی کے قیام کے لیے اقدامات کررہا ہے ۔ گولڈن اوور یعنی حادثہ وقوع پذیر ہونے کے بعد ایک گھنٹہ ( 60 منٹ ) کا وقت حادثہ کے شدت کے اعتبار سے گولڈن اوور میں تبدیلی آتی ہے ۔ حادثہ میں شدید زخمی افراد کو گولڈن اوور میں دواخانہ منتقل نہ کرنے کی وجہ سے کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھ رہے ہیں ۔ 158 کیلو میٹر او آر آر پر 2015 میں 84 حادثات سے 81 افراد ، 2016 میں 104 حادثات سے 119 افراد ہلاک ہوگئے اور امسال او آر آر پر پیش آنے والے حادثات میں راچہ کنڈہ پولیس کے مطابق 50 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ ایچ ایم ڈی اے عہدیداران کے مطابق گاڑیوں کی تیز رفتاری اور ڈرائیورس کو اونگھ اور دیگر وجوہات کی وجہ سے حادثات پیش آرہے ہیں اور ان حادثات میں شدید زخمی افراد کو فوری دواخانہ منتقل کیا جاتا تو کئی افراد کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں ۔ فی الحال او آر آر پر گشت کررہی 8 ایمبولنس کے علاوہ دیگر ایمبولنس گاڑیوں کو جوڑتے ہوئے ایک ایک ایمبولنس کو 15-10 کیلو میٹر کے احاطہ پر متعین کیا جائے گا ۔ اور سڑک حادثہ سے متعلق فون کال موصول ہوتے ہی قریبی ایمبولنس کو فوری جائے حادثہ پر 5 منٹ میں پہونچ کر زخمیوں کو دواخانہ منتقل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ایمرجنسی حالات میں ایمبولنس گاڑیوں کو مخالف سمت کی سڑک ( رانگ سائیڈ ) پر بھی چلانے کی اجازت دی جانے والی ہے ۔ 108 فون کال سنٹر سے بھی ہڈا کے عہدیداران نے مشاورت کر کے اس سنٹر کو حادثات کے فونس کالس موصول ہوتے ہی ایمبولنس کو روانہ کرنے کے اقدامات کئے ہیں علاوہ ازیں او آر آر سے قریب موجود 20 دواخانوں کے ذمہ داران سے بھی مشاورت کی گئی ہے اور ایچ ایم ڈی اے نے زخمی افراد کو ان دواخانوں کو منتقل کرتے ہوئے ادارے کے خرچ پر علاج فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور عنقریب او آر آر پر ہیلت ایمرجنسی کا قیام عمل میں آنے والا ہے ۔۔