آوٹر رنگ روڈ پر حادثات کے زخمیوں کو طبی امداد کی منصوبہ بندی

ہیلی کیاپٹر ایمبولنس خدمات ، بروقت مریضوں کو ہاسپٹل منتقلی کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 17 مئی (سیاست نیوز) کسی بھی طرح کے حادثوں میں زخمی افراد کو بروقت طبی امداد پہنچانا ضروری ہوتا ہے اور اس مقصد کے تحت حیدرآباد کے اطراف واقع آوٹر رنگ روڈ پر ہیلی کاپٹر ایمبولنس کا استعمال کیا جانے والا ہے۔ شہر کے اطراف 158 کیلو میٹر طویل زیرتعمیر آوٹر رنگ روڈ پر پیش آنے والے حادثات کے علاوہ قومی و ریاستی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات میں زخمیوں کے فوری علاج کیلئے انہیں دواخانوں کو ہیلی کاپٹر ایمبولنس کے ذریعہ منتقل کیا جائے گا۔ واضح ہوکہ ماہرین صحت حادثہ پیش آنے کے بعد کے ایک گھنٹہ کو سنہری وقت (گولڈن اوور) مانتے ہیں یعنی ایک گھنٹہ کے اندر جو علاج کیا جائے گا اس سے زخمیوں کی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ یاد رہیکہ آوٹر رنگ روڈ پر ہر سال سینکڑوں افراد حادثات میں ہلاک ہورہے ہیں۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انسانی جانوں کے تحفظ کے مقصد سے ہیلی کاپٹر ایمبولنس کے ذریعہ فوری طور پر زخمیوں کو قریبی ٹراما کیر سنٹرس یا ہیلی پیاڈ کی سہولتیں رکھنے والے دواخانوں کو منتقل کیا جائے گا۔ ایچ ایم ڈی اے کمشنر مسٹر چرنجیولو نے بتایا کہ ان خدمات کی فراہمی کیلئے ٹروجیٹ ایرویز ادارے نے رضامندی ظاہر کی ہے اور ادارے کے نمائندے وی اومیش نے ملاقات کرتے ہوئے صلاح و مشورہ بھی کیا ہے۔ آوٹر رنگ روڈ پر ہیلی کاپٹر کیلئے ہیلی پیاڈ تیار کیا جائے گا اور اس مناسبت سے گچی باؤلی، بڑا عنبرپیٹ اور میڑچل کے علاقوں میں مناسب مقام کی تلاش جاری ہے اور عہدیداران کا کہنا ہیکہ بہت جلد ہیلی کاپٹر ایمبولنس کی خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ آوٹر رنگ روڈ پر 19 ویں انٹر چینج کے پاس زیرتعمیر ٹول ایڈمنسٹریشن بلڈنگ ہیں۔ ایمرجنسی علاج کی خاطر دو کمروں کوٹراما کیر سنٹر کیلئے مختص کیا گیا ہے جن کا عنقریب افتتاح کیا جانے والا ہے اور عہدیداران کے مطابق فی الحال او آر آر پر 8 ایمبولنس گاڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔