آن لائن بزنس، کارپوریٹ ہاسپٹلس پرنگرانی کیلئے خصوصی سافٹ ویر

ٹیکس کی مناسب وصولی کیلئے قوانین میں ترمیم کا منصوبہ۔ سرینواس یادو
حیدرآباد۔/9اپریل، ( این ایس ایس ) اس مالیاتی سال عوام پر کوئی ٹیکس عائد نہ کرنے اور ریاست میں پارچہ جات، بزنس، پٹرول اور ڈیزل پر ویاٹ سے اجتناب کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ آن لائن بزنس سے مناسب ٹیکس حاصل کرنے کیلئے موجودہ قوانین میں ترمیم کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ اس کے علاوہ گٹکھا کی فروخت کو روکنے کیلئے ایک نیا قانون بھی بنارہی ہے جس کی فروخت ملک بھر میں ممنوع ہے۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکسس ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ مالیاتی سال 2014-15کے دوران 27,777.92 کروڑ روپئے کے نشانہ کے مقابل 85.42 فیصد یعنی23,727.15 کروڑ روپئے ٹیکس کی وصولی ہوئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سال گزشتہ کے مقابل وہ 35فیصد زیادہ ریونیو 6,184.27 کروڑ روپئے وصول کرپائے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں مختلف فلاحی اسکیمات کو روبہ عمل لانے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نظریات کے مطابق کارکردگی انجام دینے پر عہدیداروں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس اور شراکت کی اساس پر چلائے جانے والے ہاسپٹلس پر ٹیکس عائد کرنے میں فرق کو صحیح کرنے کیلئے ایک یکساں ٹیکس اسٹرکچر کا منصوبہ ہے۔ وزیر کمرشیل ٹیکس نے کہا کہ وہ زیرو بزنس کا تدارک کرنے کیلئے صحیح اقدامات کریں گے اور مناسب انداز میں ٹیکس وصولی کیلئے ایک خصوصی سافٹ ویر کا استعمال کیا جائے گا اور ہوٹل بزنس اور سینما ٹکٹس کی فروخت پر نگرانی رکھی جائے گی۔